مفلوج بزرگ شہری کوہتھکڑی کی جکڑ،ویل چیئرپر پیش کیا گیا
لاہور(نامہ نگار)مبینہ طور پربداخلاقی کے مقدمہ میں ملوث 65سالہ مفلوج بزرگ شہری مظفر حسین کوہتھکڑیوں میں جکڑ کرویل چیئرپر سیشن کورٹ پیش کیا جانے لگا ۔تھانہ باٹا پور نے دونوں ٹانگوں سے مفلوج مظفر حسین کو بداخلاقی کے ایک مقدمہ میں نامزد کررکھا ہے ،بیمارمظفر حسین 5ماہ سے جیل میں قید ہے ،پولیس والے ہر پیشی پر بزرگ شہری کو ہتھکڑیوں میں جکڑ کرکو وہیل چیئر پر سیشن عدالت میں پیش کرتے ہیں،گزشتہ روز عدالتی پیشی کے موقع پرمظفر حسین کا کہنا تھا کہ مخالفین سے سازباز کر کے پولیس نے زیادتی کے جھوٹے مقدمہ میں ملوث کیاہے جبکہ 2001 ء میں ایکسیڈنٹ کے باعث کمر کے 3 مہرے بری طرح متاثر ہوئے جس کے باعث اس کی دونوں ٹانگیں مفلوج ہوگئی ہیں۔گزشتہ روزایڈیشنل سیشن جج کی رخصت پر ہونے کے باعث ملزم مظفر حسین کی درخواست ضمانت پر کارروائی نہ ہو سکی جس کے بعد پولیس نے اسے جیل منتقل کر دیا۔