پوری پاکستانی سیاسی قیادت کے احتساب کی ضرورت ہے، امانت علی تارڑ
جوہانسبرگ (بیوروچیف)جماعت اسلامی جنوبی افریقہ کے رہنما امانت علی تارڑنے کہاہے کہ پوری پاکستانی سیاسی قیادت کے احتساب کی ضرورت ہے۔ الیکشن سے پہلے سب کا حقیقی احتساب ہوتاکہ لٹیروں کے ٹولے سے مستقل نجات مل سکے۔ نوازشریف اور زرداری نے ملک کو غربت ، مہنگائی ، بے روزگاری ، بدامنی اور لوڈشیڈنگ کے اندھیرے دیے۔ ظالم جاگیرداروں اور سرمایہ داروں سے نجات کے بغیر پاکستان ترقی نہیں کر سکتا، عوام ملک میں نظام مصطفےٰؐکے نفاذ کے لیے جماعت اسلامی کا ساتھ دیں۔ قرآن و سنت کا عدل و انصاف پر مبنی نظام ہی ملک و قوم کو مسائل کی دلدل سے نکال سکتاہے۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا،امانت علی تارڑ نے کہاکہ موجودہ حکومت نے ختم نبوت کے خلاف سازش کی۔ پنجاب کے وزیر قانون نے قادیانیوں کو بھی مسلمان قرار دیا۔ نوازشریف نے کہاتھاکہ یہ مسلم لیگ کی پالیسی نہیں۔ اگر مسلم لیگ کی یہ پالیسی نہیں تھی تو تین ہفتے گزرجانے کے باوجود راجہ ظفر الحق کی صدارت میں بنائی گئی کمیٹی کی رپورٹ سامنے کیوں نہیں آئی اور حکومت نے اب تک ختم نبوت ؐمیں نقب لگانے کی سازش کرنے والوں کو بے نقاب کر کے انہیں سزا کیوں نہیں دی۔