ڈیلی ویجز ملازمین کی مستقلی کیس سیکرٹری پٹرولیم اور سیکرٹری اسٹیبلشمنٹ کو فریق بنانے کی درخواست منظور
لاہور(نامہ نگار خصوصی )لاہور ہائیکورٹ نے محکمہ سوئی گیس کے 34سال سے بطور ڈیلی ویجز کام کرنے والے ملازمین کی مستقلی کیس میں سیکرٹری پٹرولیم اور سیکرٹری اسٹیبلشمنٹ کو فریق بنانے کی درخواست منظور کرلی ہے ۔مسٹر جسٹس ساجد محمود سیٹھی نے محکمہ سوئی گیس کے راجہ طارق سمیت دیگر کی درخواست پر سماعت کی، درخواست گزاروں کی طرف سے پرویز عنایت ملک ایڈووکیٹ نے پیش ہوکر موقف اختیار کیا کہ درخواست گزار ملازمین محکمہ سوئی گیس میں بعض 34 سال سے ڈیلی ویجز پر کام کررہے ہیں جبکہ تمام ملازمین کی کم از کم مدت ملازمت 9سال سے زیادہ ہیں، پی پی کے دور حکومت میں ڈیلی ویجز اور ایڈہاک ملازمین کی مستقلی بارے پالیسی تشکیل دی گئی تھی، اس پالیسی میں گریڈ ایک سے 15کے ملازمین کی مستقلی کیلئے اصول طے کئے گئے تھے، وفاقی کابینہ کی طرف سے منظور کی گئی اس پالیسی میں یہ اصول طے کیا گیا کہ جس ڈیلی ویجز یا ایڈہاک ملازم کی کم از کم چھ ماہ ملازمت ہو انہیں مستقل کیا جائے گا، اس کیس میں سیکرٹری پٹرولیم اور سیکرٹری اسٹیبلشمنٹ بااختیار عہدیدار ہیں، کیس میں سیکرٹری پٹرولیم اور سیکرٹری اسٹیبلشمنٹ کو فریق بنایا جانا ضروری ہے، انہوں نے استدعا کی کہ عدالت مذکورہ وفاق سیکرٹریز کو فریق بنانے کی درخواست منظور کرے، عدالت نے فریقین بنانے کی درخواست منظور کرتے ہوئے کیس پر مزید سماعت 14دسمبر تک ملتوی کردی ہے۔
ڈیلی ویجز ملازمین