پیپلز پارٹی اپ سیٹ کرنے کو تیار ، انتخابا سے قبل پنجاب کی سیاسی فضا بدل دینگے : آصف زرداری

لاہور (نمائندہ خصوصی،مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ ملک میں ایک قانون ہونا چاہیے،شریف خاندان کے ساتھ بھی وہی سلوک کیا جائے جو پاکستان پیپلزپارٹی کے ساتھ کیا جاتا ہے، وی آئی پی احتساب سے دوسرے صوبوں کو غلط پیغام دیا جا رہا ہے،پیپلزپارٹی اس وقت سیاسی اپ سیٹ کرنے کو تیار ہے، بڑی سیاسی شخصیات ہمارے رابطے میں ہیں ، بہت جلد بڑے اعلانات ہوں گے جو ملکی سیاست میں تہلکہ مچا دیں گے،انتخابات سے قبل پنجاب میں سیاسی فضا بدل دیں گے۔سابق صدر اور پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف زرداری سے سرگودھا ڈویژن سے پارٹی ٹکٹ ہولڈرز نے بلاول ہاؤس میں ملاقات کی، اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے سابق صدر نے کہا کہ پارٹی امیدوار انتخابات کی تیاری کریں کیونکہ اس مرتبہ پنجاب میں بھرپور مقابلہ کریں گے اور مرکز ہی نہیں پنجاب میں بھی جیالوں کی حکومت ہوگی۔ بڑی سیاسی شخصیات رابطے میں ہیں بہت جلد بڑے اعلانات ہوں گے۔ آصف زرداری نے کہا کہ آراوالیکشن کے نتائج سیاسی جماعتوں کی مقبولیت کانہیں دھاندلی کا پیمانہ ہوتے ہیں جس جماعت کے پاس جیالے ہوں اسے شفاف انتخابات میں کوئی نہیں ہرا سکتا۔سابق صدر نے کہا کہ موجودہ حکومت نے ملک کی معیشت کو تباہ کر دیا ہے، ناکام خارجہ پالیسی کی وجہ سے ہزاروں کی تعداد میں بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو واپس آنا پڑا ہے۔آصف علی زرداری نے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی کی حکومت میں معیشت مستحکم ہوئی، سرکاری ملازمین کی تنخواہوں اور پنشن میں اضافہ کیا گیا جن ملازمین کو ناانصافی کا شکار کرکے ملازمتوں سے زبردستی نکالا گیا تھا بحال کر کے ان کے ساتھ کی جانے والی ناانصافی کا ازالہ کیا گیا۔ آصف علی زرداری نے کہا کہ جب پیپلزپارٹی اقتدار میں ہوتی ہے تو عوا م کو ریلیف ملتا ہے،مہنگائی کو کنٹرول کیا جاتا ہے اور ریاست کے ثمرات پورے ملک کے عوام تک پہنچتے ہیں مگر جب پیپلزپارٹی کی حکومت نہیں ہوتی تو اہل اقتدار عوام کو ریلیف دینے میں تنگ دلی کا مظاہرہ کرتے ہیں۔ آصف علی زرداری نے کہا کہ آئندہ دور پاکستان پیپلزپارٹی کا ہی ہے۔ پاکستان پیپلزپارٹی اقتدار میں آکر عوام سے ہونے والی ناانصافیوں کا ازالہ کرے گی۔
آصف زرداری