عرس کے انتظامات مکمل‘ فول پروف سکیورٹی پلان تیار‘ زونل ایڈمنسٹریٹر اوقاف
ملتان (سٹی رپورٹر) محکمہ اوقاف ملتان زون کے ایڈمنسٹریٹر ضیاء المصطفی نے کہا ہے کہ درگاہ حضرت بہاء الدین زکریا ملتانی (بقیہ نمبر14صفحہ12پر )
کے تین روزہ عرس کے سلسلہ میں تمام انتظامات مکمل کر لئے ہیں، ضلعی انتظامیہ کی مدد سے فول پروف سکیورٹی پلان تیار کر لیا ہے، تین واک تھرو گیٹ لگائے جا رہے ہیں جبکہ 15سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے تقریبات کی مکمل مانیٹرنگ بھی کریں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پرانہوں نے مزید کہاہے کہ 6لاکھ 70ہزار روپے کے فنڈز کی مدد سے عرس انتظامات کئے جارہے ہیں، بہتر انتظامات کے لئے ڈی سی ملتان کے ساتھ دو مرتبہ میٹنگ ہو چکی ہے، محکمہ تعلیم کے 11 سکولوں اور 3 کالجز اور حاجی کیمپ کے دس کمروں کو زائرین کے قیام گاہوں کی شکل دے دی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ درگاہ کی تزئین و آرائش کے انتظامات مکمل کر لئے ہیں، درگاہ کے احاطہ کو ٹینٹنگ اور لائٹنگ کر کے سجا دیا گیا ہے۔ مختلف وفاقی اور صوبائی محکمے عرس کے دوران زائرین کو سہولیات فراہم کریں گے جن کے لئے 12 کیبن بھی بنائے گئے ہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ عرس کے تینوں روز بجلی کی لوڈ شیڈنگ نہیں ہو گی، عرس تقریبات میں سیکرٹری اوقاف عبد الجبار شاہین کی شرکت بھی متوقع ہے۔