جے یو آئی میں اختلافات کی خبریں بے بنیاد ہیں ،مولانا عمر صادق
کراچی (اسٹاف رپورٹر)جمعیت علماء اسلام کراچی رابطہ کمیٹی کے اراکین سابق پارلیمانی لیڈرجے یوآئی سندھ اسمبلی مولانا عمرصادق ، مولانا احسان اللہ ٹکروی،مفتی عبدالحق عثمانی ،قاضی فخرالحسن ، مولانا محمد غیاث ،مولانا عبدالرشید نعمانی اور محمد سمیع سواتی نے گزشتہ روز چنداخبارات میں شائع ہونے والی اس خبر کوکہ کراچی جے یوآئی میں کوئی تنظیمی اختلافات ہیں کو بے بنیاداورجھوٹ کاپلندہ قراردیکرمسترد کرتے ہوئے کہاہے کہ الحمدللہ جمعیۃ علماء اسلام کراچی میں اضلاع اور یوسیز سطح تک پہلے سے زیادہ بہترانداز میں مکمل فعال اور متحد ہے، صوبائی سیکرٹری جنرل مولانا راشد محمو سومرو کے حالیہ دورہ کراچی سے کارکنان میں جذبہ بیداری کی نئی لہر اٹھی ہے،کراچی کے تمام اضلاع کے دورے انتہائی مثبت اور مثالی رہے ،اس دوران منعقدہ اجتماعات میں ماضی کے سینئر ترین رہنماؤں اورغیر فعال کارکنان تک کی نئے عزم اور ولولے سے شرکت مخالفین اور منفی پروپیگنڈہ کرنے والوں کے منہ پر زناٹے دار طمانچہ ہے ،انہوں نے کہا کہ کراچی میں جے یوآئی کی سرگرمیوں کے نئے عزم کیساتھ آغازسے ہی جمعیۃ مخالفین کی نیندیں اڑگئی ہیں وہ بوکھلاکر اوچھے ہتھکنڈوں پر اترآئے ہیں