ڈسٹرکٹ کونسل کوہاٹ کا ماہانہ اجلاس

ڈسٹرکٹ کونسل کوہاٹ کا ماہانہ اجلاس

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

پشاور( سٹاف رپورٹر)ڈسٹرکٹ کونسل کوہاٹ کا ماہانہ اجلاس منگل کے روز کونسل کے پریذائڈنگ آفیسر حاجی عبدالرشید کی زیر صدارت منعقد ہوا جس میں ضلع ناظم محمد نسیم آفریدی ،اپوزیشن لیڈر الحامد اور اراکین کونسل کے علاوہ ضلعی محکموں کے متعلقہ حکام نے بھی شرکت کی۔ اجلاس میں معزز اراکین نے مختلف قراردادیں جن میں مختلف یونین کونسلوں میں ترقیاتی منصوبوں کی تبدیلی، پیرنٹس ٹیچرز کونسل کے ذریعے فنڈز کے استعمال ، اربن اور رورل ایریا ز میں 2 اور 4کنال سے کم اراضی پر نئے ٹیکس کا نوٹیفیکیشن واپس لینے ،مختلف محکموں کی جانب سے اراکین کے ساتھ تعاون نہ کرنے، کونسل کے قراردادوں پر عمل درآمدنہ کرنے اورسرکاری زرعی زمینوں کو تعمیرات سے بچانا شامل ہیں پیش کیں اور ان کی متفقہ طورپرمنظوری دی گئی۔اجلاس میں صوبائی حکومت کی ہدایات کی روشنی میں نئے ڈپٹی کمشنر کی جانب سے کھلی کچہریوں کے انعقاد اورمنتخب نمائندوں اور عوام کے ساتھ رابطوں کو سراہاگیا۔پریذائڈنگ آفیسر نے اراکین کونسل کو تلقین کی کہ وہ اپنی یونین کونسلوں میں جاری ترقیاتی منصوبوں پر کڑی نظر رکھیں اور کام کے معیار کی خود مانیٹرنگ کریں اور جہاں کام کے معیار سے مطمئن نہ ہوں تو اسے متعلقہ محکمے کے سربراہ ، ڈپٹی کمشنر، ضلع ناظم یا ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ یونٹ کے نوٹس میں لائیں کیونکہ سرکاری خزانے کی پائی پائی کا صحیح استعمال ہم سب کا قومی فریضہ ہے۔کونسل کا اجلاس بدھ کی صبح تک ملتوی کر دیا گیا۔