ریکارڈ قانون سازی کر کے کلیدی اور مثالی کردار کی حامل اسمبلی بن گئی :اسد قیصر
پشاور( سٹاف رپورٹر)سپیکر خیبر پختونخوا اسمبلی اسدقیصر نے کہا ہے کہ صوبائی اسمبلی ریکارڈ قانون سازی کرکے کلیدی اور مثالی کردار کی حامل اسمبلی بن گئی ہے خواتین کو بااختیار بنا کر معاشرے میں باوقار مقام دلانا تحریک انصاف کی ترجیحات میں شامل ہے ۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار خواتین کو بااختیار بنانے کے ضمن میں بین الصوبائی وزراء گروپ کی 13ویں اجلاس سے خطا ب کرتے ہوئے کیا جس کا اہتمام خیبر پختونخوا اسمبلی کی وومن پارلیمنٹری کا کس نے مقامی ہوٹل میں کیا تھا ۔سپیکر نے کہا کہ خیبر پختونخوا اسمبلی کو یہ اعزاز حاصل ہے کہ مذکورہ اسمبلی گذشتہ چار سالوں میں ریکارڈ معیاری قانون سازی کرکے کلیدی اور مثالی کردار کی حامل بن گئی ہے ۔صوبائی اسمبلی میں قانون سازی سلیکٹ کمیٹی کے ذریعے باہمی مشاورت اور سیر حاصل بحث ومباحثہ کے بعد کی جاتی ہے ۔سپیکر نے کہا کہ صوبائی اسمبلی نے لوکل گورنمنٹ بل ،وسل بلوربل، احتساب بل ،رائیٹ ٹوانفارمیشن بل ،پولیس ریفامز بل اور کانفلیکٹ آف انٹرسٹ بل سمیت تقریباً153بل پاس کئے ۔سپیکر نے کہا کہ انہوں نے بحیثیت اسمبلی کے کسٹوڈین صوبائی اسمبلی کے ممبران اور اسٹاف کی استعدادکار میں اضافہ کیلئے یواین ڈی پی (UNDP)پی آئی پی ایس (PIPS)اور برٹش کونسل کے تعاؤن سے مختلف پروگراموں کا انعقاد کیا ۔ہم یو این ڈی پی کے شکر گزار ہیں کہ انہوں نے ممبران صوبائی اسمبلی اور اسٹاف کی استعداد کار میں اضافہ کیلئے بھر پور کر دارا دا کیا ۔جس کے باعث ممبران اسمبلی نے سکاٹ لینڈ کی پارلیمنٹ برٹش پارلیمنٹ اور آئل آف مین کی پارلیمنٹ کے دورے کئے اور وہاں کی اسمبلیوں کی کارروائیوں کے معائنہ سمیت وہاں کے نظام حکومت اور پولیس کے نظاموں کا بغورجائزہ لیا انہی بیرونی دوروں کی مرہون منت ممبران اسمبلی نے صوبائی اسمبلی میں قانون سازی کے مختلف مراحل کے دوران بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا ۔ سپیکر نے انکشاف کرتے ہوئے کہا کہ ہم جلد ہی اسلام آباد میں ایک گرینڈ ایونٹ کا اہتمام کررہے ہیں ۔جس میں برٹش اور سکاٹ لینڈ کی اسمبلیوں کے ممبران اسمبلی سمیت ان کے صدور اور وزیر اعظم صاحبان کو مدعو کیاجائے گا۔سپیکر نے اس موقع پر بتایا کہ لوکل گورنمنٹ نظام کو بہتر انداز میں چلانے کیلئے صوبائی حکومت مذکورہ اداروں کو 80 بلین روپے جاری کر چکی ہے ۔