نوازشریف کی نیب ریفرنسز کویکجا کرنے کی درخواست پر احتساب عدالت کو نوٹس جاری،ٹرائل روکنے پر 2نومبر کو جواب طلب

اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)اسلام آبادہائیکورٹ نے سابق وزیراعظم نوازشریف کی نیب ریفرنسز کو یکجا کرنے کی درخواست پر احتساب عدالت کو نوٹس جاری کر دیئے،ٹرائل روکنے کی درخواست پرنیب سے 2 نومبرکوجواب طلب کر لیا،تفصیلات کے مطابق سابق وزیراعظم نوازشریف کی اسلام آباد ہائیکورٹ میں نیب ریفرنسز کے حوالے سے 3 درخواستوں کی سماعت ہوئی،جسٹس عامر فاروق اورمحسن اختر کیانی پر مشتمل 2 رکنی بنچ نے درخواستوں کی سماعت کی۔
نوازشریف کے وکیل اعظم نذیر تارڑ نے درخواست میں موقف اختیار کیا کہ تینوں ریفرنسز میں ایک ہی طرح کے الزامات اور گواہ ہیں،ایک ریفرنس میں تین الگ الگ فرد جرم عائد کرنا خلاف قانون ہے،آئین کے مطابق فیئر ٹرائل بنیادی حق ہے جو درخواست گزار کونہیں دیاگیا، عدالت سے استدعا ہے کہ احتساب عدالت کو تینوں ریفرنسز کو یکجا اور ٹرائل روکنے کا حکم دیا جائے۔
اس پر جسٹس عامر فاروق نے کہا کہ فردجرم عائدہو چکی ہے تو چارج شیٹ ہمارے سامنے رکھیں۔
نوازشریف کے وکیل نے کہا کہ آئندہ سماعت پر چارچ شیٹ فراہم کر دی جائے گی۔
عدالت نے تینوں ریفرنسز پرچارج شیٹ کی تفصیلات طلب کرتے ہوئے کہا کہ احتساب عدالت کوکارروائی سے نہیں روک سکتے،عدالت نے ٹرائل روکنے کی درخواست پرنیب سے 2 نومبرکوجواب طلب کر لیا۔