شاہد آفریدی پر شرمناک الزام لگانے والی اداکارہ عرشی خان دراصل کون ہے؟ ایسا انکشاف کہ شاہد آفریدی کے بھی ہوش اُڑجائیں گے کہ ایسا بھی ہوسکتا ہے

ممبئی(نیوز ڈیسک) پاکستانی کرکٹ ہیرو شاہد آفریدی پر شرمناک الزامات لگا کر ان کی کردار کشی کی کوشش کرنے والی بھارتی ماڈل و اداکارہ عرشی خان کے اپنے کردار کے متعلق ایسے تہلکہ خیز انکشافات سامنے آ گئے ہیں کہ ہر کوئی دانتوں میں انگلی دبا کر رہ گیا ہے۔ بھارت کی ہی ایک اداکارہ نے انکشاف کیا ہے عرشی خان سرا سر جھوٹ اور مکروفریب کا پیکر ہے، حتٰی کہ اس نے اپنی اصل شناخت چھپانے کے لئے بھی جعلسازی کی، اور اس جرم میں وہ مقدمے کا سامنا بھی کررہی ہے۔ اس کا بھانڈہ پھوڑنے والی اداکارہ کا کہنا ہے کہ وہ سستی شہرت کے حصول کیلئے خود کو کسی بھی حد تک گراسکتی ہے۔ ویسے یہ تو کوئی انکشاف نہیں ہے کیونکہ سب ہی یہ بات پہلے سے جانتے ہیں۔
ٹائمز آف انڈیا کے مطابق نئے انکشافات میں یہ بات بھی سامنے آئی ہے کہ عرشی خان نے ’بگ باس‘ شو کا حصہ بننے کیلئے مبینہ طور پر اپنی شناخت، عمر اور کیفیت رشتہ کے متعلق جھوٹ بولا ہے۔ اداکارہ و ماڈل گہنہ وسیس نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے عرشی خان کے متعلق کچھ مزید اہم انکشافات کئے۔ ان کا کہنا تھا کہ عرشی ایک 50 سالہ شخص سے شادی کرچکی ہے اور وہ اپنی عمر کے متعلق صاف جھوٹ بول رہی ہے۔ اگرچہ وہ اپنی عمر 27 سال بتاتی ہے لیکن دراصل وہ 32 سال سے زائد عمر کی ہے۔
گہنہ کا مزید کہنا تھا ”عرشی کا تعلق بھوپال سے ہے اور میں بھی وہیں سے ہوں۔ میں آپ کو بتاسکتی ہوں کہ وہ 32سال سے زیادہ عمر کی ہے لیکن کہتی ہے کہ اس کی عمر 27 سال ہے۔ میں اسے سکول کے دنوں سے جانتی ہوں۔ اس نے اپنی تعلیمی قابلیت کے متعلق بھی جھوٹ بولا ہے۔ مجھے حیرانی ہے کہ بگ باس کی انتظامیہ نے ایک ایسی خاتون کو کیسے منتخب کرلیا ہے جو شروع سے ہی اپنی شناخت سے متعلق جھوٹ بول رہی ہے۔“
شاہد آفریدی پر لگائے جانے والے الزامات کے بارے میں بھی گہنہ نے کچھ اہم انکشافات کئے۔ ان کا کہنا تھا” عرشی خان اور شاہد آفریدی کے درمیان جسمانی تعلق کو تو بھول ہی جائیے۔ وہ تو کبھی ان سے ملی بھی نہیں ہے، بلکہ ان دونوں کے درمیان فون پر کبھی بات نہیں ہوئی۔“