تیونس کے منتخب صدرپروفیسر قیس سعید نے حلف اٹھا لیا

تیونس کے منتخب صدرپروفیسر قیس سعید نے حلف اٹھا لیا

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

 
تیونس سٹی(این این آئی)تیونس کے منتخب صدرپروفیسر قیس سعید نے پارلیمان کے پہلے اجلاس میں اپنے عہدے کا حلف اٹھا لیا ہے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق تیونس میں تیرہ اکتوبر کو منعقدہ صدارتی انتخابات کے دوسرے اور حتمی مرحلے میں 61سالہ قانون کے ریٹائرڈ پروفیسر قیس سعید نے اپنے حریف نبیل القروی کو واضح اکثریت سے شکست دی تھی۔انھوں نے 72.71 فی صد ووٹ حاصل کیے تھے۔ان کے مدمقابل میڈیا ٹائیکون نبیل القروی نے اپنی شکست تسلیم کرلی تھی۔تیونس الیکٹورل کمیشن کے مطابق صدارتی انتخابات کے دوسرے مرحلے میں ووٹ ڈالنے کی شرح 55 فی صد رہی تھی۔
پروفیسر قیس سعید نے آزاد حیثیت میں صدارتی انتخابات میں حصہ لیا تھا۔وہ اقتدار کے عدم ارتکاز کے وکیل ہیں اور مقامی سطح پر جمہوریت اور اختیارات کی منتقلی کے حامی ہیں۔وہ منتخب عہدے داروں کو ان کے مینڈیٹ کے دوران میں ہٹانے کے بھی مخالف ہیں۔وہ سماجی امور کے بارے میں سخت قسم کے قدامت پسند ہیں۔وہ سزائے موت کے حامی ہیں۔ہم جنس پرستی کے مرتکبین کو سزا دینے کے حق میں ہیں اور وہ شادی کے بغیرجنسی تعلقات رکھنے والے جوڑوں کے خلاف بھی قانون کا نفاذ چاہتے ہیں۔پروفیسر قیس سعید نے اپنی صدارتی مہم میں کوئی زیادہ اخراجات نہیں کیے تھے لیکن انھیں بائیں بازو اور اسلام پسندوں دونوں کی حمایت حاصل تھی۔

مزید :

علاقائی -