ربیع الاول میں محفل سیرت النبیؐ کاانعقا ہوگا،مولانا عبدالوحید

      ربیع الاول میں محفل سیرت النبیؐ کاانعقا ہوگا،مولانا عبدالوحید

  



کراچی (پ ر)جمعیت اتحاد العلماء کراچی کے تحت ادارہ نورحق میں جمعیت اتحاد العلماء کراچی کے ناظم اعلیٰ مولانا عبد الوحید کی زیر صدارت تنظیمی اجلاس منعقد ہوا، اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ماہ ربیع الاول میں سیرت النبیؐ کے پیغام کو عام کرنے کے لیے کراچی اور اضلاع کی سطح پر محفل سیرت النبیؐ اور حسن قرات کی تقریبات کا انعقاد کیا جائے گا۔ اجلاس میں جمعیت اتحاد العلماء کراچی کے نائب صدورمولانا یامین منصوری، مولانا حافظ خالد مسعود، مولانا آفتاب، مولانا نسیم خان اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔اجلاس میں جمعیت اتحاد العلماء کراچی اور اضلاع کے ذمہ داران نے بھی شرکت کی۔اجلاس میں مہتمم جامعہ دارالخیر و شیخ الحدیث مولانا اسفند یار خان کی مغفرت و بلندی درجات کے لیے دعا بھی کی گئی۔مولانا عبد الوحید نے اجلاس سے صدارتی خطاب کرتے ہوئے کہاکہ ماہ ربیع الاول میں سیرت النبی ؐ کے پیغام کو زیادہ سے زیادہ عام کیا جائے، آپ ؐکی سیرت اور طریقے میں دنیا بھر کے گھمبیر اور پیچیدہ مسئلوں کا حل موجود ہے۔ محمد ؐ سے محبت اور چاہت ہمارے ایمان کا لازمی جزو ہے، نبی مہربانؐ کی سیرت پر عمل کرنے کی ضرورت آج دنیا کو پہلے سے بھی زیادہ ہے‘ بھٹکتی اور سسکتی ہوئی انسانیت آج تباہی کے کنارے کھڑی ہے،بحیثیت مسلمان و جماعت اسلامی کے کارکن ہماری ذمہ داریاں پہلے سے بھی زیادہ بڑھ چکی ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کو موجودہ سنگین مسائل سے نجات دلانے کے لیے اسوہ حسنہ ؐ پر پوری یکسوئی کے ساتھ عمل کرنے کی ضرورت ہے اور اسی میں ہی انسانیت کی کامیابی اور فلاح ہے‘ جس کے لیے کرپٹ اور جعلی قیادت سے چھٹکارہ حاصل کرنا ہوگا، اس کے سوا قوم کے پاس اور کوئی چارہ نہیں۔مولانا عبد الوحید نے مقبوضہ کشمیر میں ہونے والے ظلم پر شدید مذمت کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے، مقبوضہ کشمیر پاکستان ضرور بنے گا اور اس کے لیے حکومت و ویاست اور افواج پاکستان کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا،حکومت اور ریاست آگے بڑھے تو پوری قوم ساتھ ہوگی۔

مزید : راولپنڈی صفحہ آخر