گرانفروشوں،ذخیرہ اندوزوں کیخلاف کریک ڈاؤن جاری، اسلم اقبال
لاہور(لیڈی رپورٹر)صوبائی وزیر صنعت وتجارت میاں اسلم اقبال نے ہدایت کی ہے کہ تمام اضلاع میں آٹا،گھی،دالوں سمیت طے شدہ 18اشیاء ضروریہ کی قیمتوں کی مسلسل مانیٹرنگ جاری رکھی جائے۔اشیاء ضروریہ کی دستیاب،معیار اور قیمتوں پر متعلقہ ادارے کڑی نظر رکھیں۔ انہوں نے کہا کہ روزمرہ کے استعمال کی چیزوں کی مقررہ نرخوں پر فروخت یقینی بنانا متعلقہ اداروں کی ذمہ داری ہے اس لئے پرائس کنٹرول مجسٹریٹس فیلڈمیں متحرک رہیں اور اپنے فرائض خندہ پیشانی سے سرانجام دیں۔گرانفروشوں اور ذخیرہ اندوزوں کے خلاف پوری قوت سے کریک ڈاؤن جاری رکھا جائے۔ ٹاسک فورس برائے پرائس کنٹرول کے فیصلوں کے مطابق جاری کردہ ہدایات پر سو فیصد عملدرآمد کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ گرانفروشی،ناپ تول میں کمی اور غیر معیاری اشیاء کی شکایات پر متعلقہ ادارے فوری کارروائی کریں۔پرائس کنٹرول میکانزم سے متعلقہ افسران عوام کو ریلیف کی فراہمی کے لئے دفاتر سے نکل کرفیلڈ میں آئیں۔صوبائی وزیراطلاعات وثقافت نے کہا ہے کہ محمد نواز شریف کی جلد صحت یابی کے لئے دلی طور پر دعا گو ہیں۔پنجاب حکومت میاں نواز شریف کو علاج معالجہ کی ہر سہولت بہم پہنچا رہی ہے۔صوبائی وزیر نے کہا کہ شریف فیملی کی خواہش کے مطابق ہر قدم اٹھانے کے لئے تیار ہیں۔دعا ہے کہ اللہ تعالی میاں نواز شریف جلد صحت یاب کرے۔وزیراعظم نے میاں صاحب کی بھرپور دیکھ بھال کی ہدایات دی ہیں اور وزیراعلی پنجاب نے میاں صاحب کے لئے طیارہ مختص کررکھا ہے۔انہوں نے کہا کہ وزیر صحت اور اعلی حکام ان کے علاج معالجہ کے معاملات کی نگرانی کررہے ہیں۔نواز شریف کو کسی بھی قسم کی سہولت دینے میں گریز نہیں کیا جائے گا۔
میاں اسلم اقبال