صوبے میں قانون کی عملداری کو ہر قیمت پر یقینی بنایا جائے گا: عثمان بزدار

صوبے میں قانون کی عملداری کو ہر قیمت پر یقینی بنایا جائے گا: عثمان بزدار

  



لاہور(جنرل رپورٹر)وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارنے عوام کے جان ومال کے تحفظ کیلئے ہرممکن اقدام اٹھانے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ صوبے میں امن عامہ کی فضاء یقینی بنانے کیلئے تمام ضروری انتظامات کیے جائیں گے کیونکہ عوام کے جان و مال کے تحفظ سے بڑھ کر کوئی ترجیح نہیں۔انہوں نے کہا کہ قانون شکن عناصر کیخلاف بلاتفریق کارروائی ہو گی اورعوام کے معمولات زندگی میں کسی کو خلل نہیں ڈالنے دیا جائے گاکیونکہ صوبے میں امن و امان کو یقینی بناناحکومت کی بنیادی ذمہ داری ہے اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کی ذمہ داری کو ہر صورت نبھائیں گے۔صوبے میں قانون کی عملداری کو ہر قیمت پر یقینی بنایا جائے گا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے صوبے میں عوام کے جان ومال کے تحفظ کیلئے کیے جانیوالے اقدامات اورامن وامان کی صورتحال سے متعلق جائزہ اجلاس میں کیا۔وزیراعلیٰ نے صوبے میں جرائم پیشہ افراد کیخلاف بلاامتیاز آپریشن جاری رکھنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ کسی کو قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جاسکتی۔ قانون ہاتھ میں لینے والے عناصر کیخلاف سخت کارروائی ہوگی۔علاوہ ازیں وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی زیرصدارت اعلیٰ سطح کے اجلاس میں سموگ کے خدشے سے نمٹنے کیلئے کئے جانے والے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔ وزیراعلیٰ نے سموگ کے خدشے کے باعث متعلقہ صوبائی محکموں اور اداروں کوچوکس رہنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہاکہ متعلقہ محکمے اور ادارے سموگ کے خدشے سے نمٹنے کیلئے اپنی تیاریاں مکمل رکھیں جبکہ محکمہ زراعت فصلوں کی باقیات کو جلانے پر پابندی پر سختی سے عملدرآمد کرائے اور آلودگی پھیلانے والی صنعتوں کے خلاف قواعد و ضوابط کے تحت کارروائی کی جائے۔ وزیراعلیٰ نے ٹائر جلانے پر پابندی پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنانے کاحکم دیتے ہوئے کہاکہ خلاف ورزی پر قانون کے تحت کارروائی کی جائے۔ انہوں نے کہاکہ اینٹوں کے بھٹوں سے نکلنے والا دھواں ماحول کو آلودہ کرتا ہے۔ بھٹوں کو زگ زیگ ٹیکنالوجی پر منتقل کرنے کے لئے اقدامات میں تیزی لائی جائے اور سٹیل رولنگ انڈسٹریز کو ماحول دوست ٹیکنالوجی پر منتقل کرنے کے لئے محکمہ ماحولیات موثر اقدامات کرے۔ سموگ کے خدشے کے پیش نظر متعلقہ محکموں کو فعال اور متحرک انداز میں کام کرنا ہوگا۔مزید برآں وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد نے ملاقات کی۔سیکرٹری سپیشلائزڈ ہیلتھ اینڈ میڈیکل ایجوکیشن مومن آغا،سمز کے پرنسپل پروفیسر محمود ایاز اورکراچی کے معروف ڈاکٹر طاہرشمسی بھی اس موقع پر موجود تھے۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار کو محمد نوازشریف کے علاج معالجے کے حوالے سے تازہ ترین صورتحال اوراس ضمن میں کیے جانے والے اقدامات سے آگاہ کیاگیا۔وزیراعلیٰ نے محمد نواز شریف کے علاج معالجے کیلئے ہرممکن سہولتیں مہیا کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ اس ضمن میں محمد نواز شریف کے ذاتی معالج سے بھی مسلسل رابطے میں رہا جائے۔ انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ محمد نواز شریف کو صحت کاملہ عطا فرمائے۔ وزیراعلیٰ نے محمد نواز شریف کی جلد صحت یابی کیلئے دعا بھی کی۔

سردار عثمان بزدار

مزید : صفحہ اول