مسلم لیگ ن کے پاس سوائے نواز شریف کی بیماری کے بیچنے کیلئے کچھ نہیں: فردو س عاشق

      مسلم لیگ ن کے پاس سوائے نواز شریف کی بیماری کے بیچنے کیلئے کچھ نہیں: فردو ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


اسلام آباد (سٹاف رپورٹر مانیٹرنگ ڈیسک) وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ کچھ لوگ عمران خان پر کیجڑ اچھالنے میں لگے ہیں اور سیاست وہ کر رہے ہیں جن کے پاس سوائے بیماری کو بیچنے کے کچھ نہیں ہے،یہ لوگ ملک کے کسی بھی ہسپتال میں علاج کرانا چاہتے ہیں تو کرائیں تمام سہولیات فراہم کریں گے۔ ایم ڈی بیت المال کے ہمراہ  پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ نواز شریف سے متعلق عدالتوں کے فیصلوں پر عمل کیا ہے اب بھی کریں گے، میاں صاحب کی بیماری پر سیاست نہیں کرنی چاہیے جبکہ مریم نواز نے والد سے ملاقات کی درخواست کی تھی جو پوری کر دی گئی اورہم نواز شریف کی صحت یابی کیلئے دعا گو ہیں۔ ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ پاکستان بیت المال دکھی انسانی کو تحفظ دینے کا اہم ادارہ ہے جبکہ وزیراعظم نے بیت المال کا دائرہ احساس پروگرام تک وسیع کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عوامی مفاد کے راستے میں رکاوٹیں دور کر رہے ہیں جبکہ اصلاحات پروگرام کے تحت پاکستان بیت المال میں اصلاحات لائی جا رہی ہیں۔معاون خصوصی برائے اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان سے صحافی نے سوال کیا کہ میاں نواز شریف کے علاج کیلئے (ن) لیگ نے عدالت میں درخواست دی ہے۔ اس پر معاون خصوصی نے جواب دیا کہ ملک کے تمام ہسپتال مریضوں سے بھرے پڑے ہیں اور ہم نے ان کو درست سمت پر لے کر جانا ہے تا کہ انسان کی عزت ہو،شخصیات کی عزت ہو اور کسی کے طاقتور ہونے کے ناطے عزت نہ ہو۔بعدازاں ہیومن رائٹس کونسل آف پاکستان کے زیراہتمام پی این سی اے میں کشمیر میں بھارتی فوج اور مودی حکومت کی طرف سے جاری ظلم وستم کی منظر کشی کیلئے ہاف ویڈیو یعنی ادھوری بیوہ کے عنوان سے منعقدہ تھیٹر پروگرام میں خطاب کرتے ہوئے فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارت جتنے مظالم آج ڈھا رہاہے اسکی انسانی معاشروں کی تاریخ میں کوئی مثال نہیں ملتی،مقبوضہ وادی میں بھارتی سرکار جس بھیانک انداز میں بنیادی انسانی حقوق کی تذلیل کررہی ہے اس پر دنیا کی خاموشی کسی خوفناک طوفان کو جنم دے سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ جموں و کشمیرمیں 10ہزار سے زائد خواتین ادھوری بیوہ ہوچکی ہیں جن کے شوہر بھارتی فوج نے اغوا کر لیے ہیں اور ان کا اب تک کچھ پتہ نہیں ہے کہ وہ زندہ بھی ہیں یا بھارتی غاصب فوجیوں نے انہیں شہید کردیا۔انہوں نے کہا کہ مقبوضہ وادی میں انٹرنیٹ سمیت رابطے کے تمام ذرائع اطلاعات مکمل طور پر بند ہو چکے ہیں اور مقبوضہ وادی عملا پوری دنیا سے کٹ چکی ہے،بین الاقوامی میڈیا کے جن نمائندوں کو مقبوضہ وادی کے کچھ علاقوں تک رسائی حاصل ہوسکی ہے وہاں پہنچ کر انہوں نے انتہائی دردناک چشم دید واقعات رپورٹ کیے ہیں مگر افسوسناک امر یہ بھی ہے کہ انسانی حقوق کی بین الاقوامی تنظیمیں اور اقوام متحدہ کے ادارے بھی مقبوضہ وادی میں جاری انسانیت سوز مظالم کا ہولناک سلسلہ بند کرانے کیلئے کوئی کردارادا نہیں کررہے۔مزید برآں سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ایک پیغام میں فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ کرتار پور راہداری معاہدہ امن کے داعی ہونے کا عملی ثبوت ہے، معاہدہ بھائی چارے کے فروغ کے نئے روشن باب کھولے گا۔معاون خصوصی اطلاعات و نشریات نے کہا وزیراعظم عمران خان کے ایک اور وعدے کی تکمیل ہوگیا، جس منصوبے کا سنگ بنیاد 28 نومبر 2018 کو رکھا وہ ایک سال کے کم عرصہ میں پایہ تکمیل تک پہنچا دیا۔
 فردوس عاشق اعوان

مزید :

صفحہ اول -