قیمتی عقابوں کی سمگلنگ ناکام،1 گرفتار،4عقاب برآمد
پشاور(سٹاف رپورٹر)خیبرپختونخوا کے وزیر جنگلات ماحولیات اور جنگلی حیات محمد اشتیاق ارمڑ کی خصوصی ہدایت کے تحت محکمہ جنگلی حیات خیبرپختونخوا نے ایک کارروائی کے دوران قیمتی عقابوں کی سمگلنگ ناکام بناتے ہوئے جبکہ ملزم فیاض ولد لال خان سکنہ سیٹھی ٹاون حاجی کیمپ پشاور کے خلاف قانونی کاروائی عمل میں لائی گئی تفصیلات کے مطابق پشاور وائلڈ لائف ڈویژن نے کامیاب کارروائی کرتے ہوئے چار قیمتی عقابوں کی کراچی سمگلنگ کی کوشش ناکام بنا دی اور سمگلنگ میں ملوث ملزم کے خلاف قانونی کاروائی کی ہے اس سلسلے میں سب ڈویڑنل وائلڈ لائف آفیسر سردار علی نے اطلاع ملنے پر اپنے فیلڈ سٹاف الطاف حسین(رینج آفیسر) مجیب الرحمن،رامبیل خان،فیضان حسین اور دیگر اہلکاروں کے ہمراہ بس نمبر 47 40 کا تعاقب کرتے ہوئے اسے اسکیم چوک کوہاٹ روڈ پشاور پر روک لیا اور ملزم کے قبضے سے 4 عدد قیمتی عقاب برآمد کرلئے۔برآمد کیے گئے عقابوں میں دو عدد سیکر فالکنز سائز (17×17انچ) اور دو عدد پیرا گریزز ایک کا سائز (16×15انچ) جبکہ دوسرے کا سائز(15×14انچ)شامل ہیں جن کو محکمہ وائلڈ لائف نے اپنی تحویل میں لے لیا اور ملزم فیاض سے موقع پر ہی پچاس ہزار روپے جرمانہ وصول کیا اور عقابوں کوسرکاری تحویل میں لے لیا۔یاد رہے کہ خیبر پختونخواہ وائلڈ لائف ایکٹ 2015 کے تحت عقاب کا شکار یا اس کے کسی قسم کے لین دین پر مکمل پابندی ہے۔