پی کے 69 کو ترقی یافتہ اور ماڈل حلقہ بنائیں گے،اشتیاق ارمڑ

  پی کے 69 کو ترقی یافتہ اور ماڈل حلقہ بنائیں گے،اشتیاق ارمڑ

  



پشاور(سٹاف رپورٹر)خیبرپختونخوا کے وزیر جنگلات و ماحولیات اور جنگلی حیات سید محمد اشتیاق ارمڑ نے کہا ہے کہ پی کے 69 کو ترقی یافتہ اور ماڈل حلقہ بنائیں گے۔انہوں نے کہا کہ حلقے کی ترقی کے لئے ایک جامع حکمت عملی پر عمل درآمد شروع کر رہے ہیں۔جس سے حلقے میں ترقی اور خوشحالی کی ایک نئی مثال قائم ہوگی۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے دفتر پشاور میں علاقہ عمائدین سے پی کے 69 میں نئی ترقیاتی سکیموں کے حوالے سے منعقدہ ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔اجلاس میں پی کے69 کی مختلف یونین کونسلوں کے مشران اور عمائدین نے شرکت کی۔اجلاس میں صحت، تعلیم، آبپاشی،ایریگیشن، مواصلات و تعمیرات اور دیگر شعبوں میں ترقیاتی منصوبے مکمل کرنے پر غور و خوص ہوا اور اس حوالے سے مختلف اجتماعی نوعیت کی سکیموں کے بارے میں صوبائی وزیر کو تفصیلی طور پر آگاہ کیا گیا۔اجلاس میں چمکنی مین روڈ، دلازاک روڈ، خڑکے اور گمبد کورونہ کے نالے پر فوری تعمیراتی کام شروع کرنے کی ہدایت کی گئی۔ انہوں نے فنڈز کی فراہمی کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہاکہ گورنمنٹ گرلز پرائمری سکول چمکنی کو ترجیح بنیادوں پر جلد تعمیر کریں گے۔انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت تعلیم نسواں پر خصوصی توجہ دے رہی ہے۔اشتیاق ارمڑ نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کی حکومت نا صرف عوام کی فلاح و بہبود کے لئے توجہ دے رہی ہے بلکہ بد عنوان عناصر کو قانون کے گھیرے میں لا رہی ہے جس سے ملک میں شفافیت کا آغاز ہو چکا ہے۔

مزید : پشاورصفحہ آخر