کھیل نوجوانوں کو مثبت سرگرمیوں کی جانب متوجہ کر سکتے ہیں، اجمل وزیر

کھیل نوجوانوں کو مثبت سرگرمیوں کی جانب متوجہ کر سکتے ہیں، اجمل وزیر

  



پشاور(سٹی رپورٹر)وزیر اعلی خیبر پختونخو اکے مشیر برائے قبائلی اضلا ع اجمل وزیر نے کہا ہے کہ کھیلوں کے زریعے ہم اپنے نوجوانوں کو مثبت سرگرمیوں کی جانب متوجہ کر سکتے ہیں، اور اس مقصد کے حصول کیلئے صوبائی حکومت پورے صوبے میں کھیلوں کے میدان سمیت دیگر ضروری سہولیات فراہم کرنے کے لئے بھرپور اقدامات کر رہی ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پشاور پریس کلب میں ممتاز صحافی امجد عزیز ملک کی کتاب خیبر پختونخوا اور کرکٹ 70سال کے تقریب رونمائی سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے مزید کہا کہ اسپورٹس واحد زریعہ ہے جہاں تمام مکتبہ فکر کے لوگ اپنے اپنے باہمی اختلافات پس پشت ڈال کر حصہ لیتے ہیں، اور اسپورٹس مین سپرٹ کے مظاہرے سے نوجوانوں میں مثبت جذبات پیدا ہوتے ہیں۔انہوں نے صوبے میں کھیلوں کے فروغ میں کردار ادا کرنے پر صاحب کتاب کوزبردست خراج تحسین پیش کیا۔انہوں نے مزید کہا صوبائی حکومت صوبے میں کھیلوں کے فروغ کے لئے امجد عزیز ملک کے تجربات سے فائدہ اٹھائیگی۔تقریب سے اسپیکر خیبر پختونخوا اسمبلی مشتاق احمد غنی، خیبر پختونخوا اولمپک ایسوسی ایشن کے صدر سید عاقل شاہ اور صاحب کتاب امجد عزیز ملک نے بھی خطاب کیا۔اس موقع پر سکواش لیجنڈ قمر الزمان سمیت کھیلوں سے دلچسپی رکھنے والوں کی بڑی تعداد بھی موجود تھے۔

مزید : پشاورصفحہ آخر