قومی انڈر 16کرکٹ ٹیم آج بنگلہ دیش کے خلاف میدان میں اتریگی
لاہور(سپورٹس رپورٹر)قومی انڈر 16 کرکٹ ٹیم آج جمعہ کو بنگلہ دیش کے خلاف میدان میں اترے گی۔ دونوں ٹیموں کے درمیان پہلا تین روزہ میچ کے آر ایل اسٹیڈیم راولپنڈی میں کھیلا جائے گا۔بنگلہ دیش انڈر 16 کرکٹ ٹیم کی جانب سے یہ پاکستان کا جوابی دورہ ہے۔ اس سے قبل رواں سال اپریل مئی میں قومی انڈر 16 کرکٹ ٹیم بنگلہ دیش کا دورہ کرچکی ہے جہاں مہمان ٹیم کو 2تین روزہ میچوں پر مشتمل سیریز میں 0-1 شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ دورے میں شامل3 ایک روزہ میچوں پر مشتمل سیریز میں بھی بنگلہ دیش انڈر 16 کرکٹ ٹیم نے 1-2 سے کامیابی حاصل کی تھی۔دونوں ٹیموں کے درمیان2 تین روزہ اور 3 ایک روزہ میچوں پر مشتمل سیریز 25 اکتوبر سے 8 نومبر تک جاری رہے گی۔ سیریز کے تمام میچز کے آرایل اسٹیڈیم راولپنڈی میں کھیلے جائیں گے۔سیریز میں قومی انڈر 16 کرکٹ ٹیم کی قیادت آلراؤنڈر عالیان محمود کررہے ہیں۔ عالیان محمود اس سے قبل پاکستان کی جانب سے 5 ایک روزہ اور 1 ٹی ٹونٹی میچ کھیل چکے ہیں جبکہ3 ایک روزہ اور 2 تین روزہ میچوں میں پاکستان کی نمائندگی کرنے والے محمد وقاص کو ٹیم کا نائب کپتان مقرر کیا گیا ہے۔اسیر مغل، احمد خان اور خالد خان کی موجودگی میں قومی انڈر 16 کرکٹ ٹیم کے فاسٹ باؤلنگ کا شعبہ مضبوط ہے۔ رواں سال اپریل،مئی میں بنگلہ دیش کے خلاف ایک روزہ سیریز میں پاکستان کی جانب سے سب سے کامیاب باؤلر اسیر مغل کا تعلق راولپنڈی سے ہے۔نوجوان فاسٹ باؤلر نے میزبان ٹیم کیخلاف 3 ایک روزہ میچوں میں 8 وکٹیں حاصل کی تھیں۔ ایبٹ آباد سے تعلق رکھنے والے احمد خان 6 ایک روزہ میچوں میں 14وکٹیں حاصل کرچکے ہیں۔ احمد خان نے بنگلہ دیش کے خلاف 2 تین روزہ میچوں پر مشتمل سیریز میں بھی4 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔کوئٹہ کے فاسٹ باؤلر خالدخان نے بنگلہ دیش کے خلاف طویل فارمیٹ کی سیریز کے تین میچوں میں 15.50 کی اوسط سے 8 وکٹیں حاصل کیں۔ سیریز کے دوران ایک اننگز میں ان کی بہترین باؤلنگ 33 رنز کے عوض 5 وکٹیں حاصل کرنا رہا۔دونوں ٹیموں کے کپتانوں نے جمعرات کے روز ٹرافی کی تقریب رونمائی میں شرکت کی۔عالیان محمود، کپتان قومی انڈر 16 کرکٹ ٹیم:قومی انڈر 16 کرکٹ ٹیم کے کپتان عالیان محمود کا کہنا ہے کہ بنگلہ دیش کے خلاف سیریز میں سخت مقابلے کی توقع ہے، ہوم گراؤنڈ پر بہترین سائیڈ کو میدان میں اتاریں گے۔انہوں نے کہا کہ تجربہ کار کوچز کی زیرنگرانی قومی کھلاڑیوں نے بھرپور تیاری کررکھی ہے،ا مید ہے پہلے تین روزہ میچ میں کامیابی حاصل کرکے سیریز کا فاتحانہ آغاز کریں گے۔
عالیان محمود نے کہا کہ قومی انڈر 16 کرکٹ ٹیم کی قیادت کرنا ان کے لیے اعزاز ہے۔انہوں نے کہا کہ بنگلہ دیش آسان حریف نہیں، دونوں ٹیموں کے درمیان معیاری کرکٹ کھیلی جائے گی۔نعیم احمد، کپتان بنگلہ دیش انڈر 16 کرکٹ ٹیم:بنگلہ دیش انڈر 16 کرکٹ ٹیم کے کپتان نعیم احمد کا کہنا ہے کہ ٹیم 2 روز قبل پاکستان پہنچی،راولپنڈی میں سخت ٹریننگ جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسکواڈ میں شامل تمام کھلاڑی سیریز میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے کے لیے تیار ہیں۔