سول سوسائٹی کی خواتین نے چائلڈ پروٹیکشن بیورو کے بچوں کے ساتھ سالگرہ منائی
لاہور (لیڈی رپورٹر)سول سوسائٹی کی خواتین نے اپنی سالگرہ چائلڈ پروٹیکشن اینڈ ویلفیئر بیورو لاہور کے بچوں کے ساتھ منائی- چیئر پرسن چائلڈ پروٹیکشن اینڈ ویلفیئر بیورو پنجاب سارہ احمد بھی اس موقع پر موجود تھیں۔ خواتین نے بیورو کے بچوں کے ساتھ مل کر سالگرہ کا کیک کاٹا اور ان کے ساتھ اپنی خوشیاں بانٹیں۔ سالگرہ کے موقع پر پر بچوں کے چہروں پر خوشی قابل دید تھی-خواتین نے نہ صرف بچوں کے ساتھ سالگرہ منائی بلکہ مختلف گیمز بھی کھیلی۔ بچیوں نے گیت گائے اور بچوں نے مختلف سیٹس پیش کئے۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے سارہ احمد چیئر پرسن چائلڈ پروٹیکشن بیورو نے کہا کہ ہم سول سوسائٹی سے تعلق رکھنے والے افراد کا ہمیشہ خیر مقدم کرتے ہیں کہ وہ بیورو میں آئیں اور ان خوبصورت بچوں کے ساتھ وقت گزاریں۔ اس سے نہ صرف لوگوں کو دلی تسکین ملے گی بلکہ بیورو کے رہائشی بچوں کو بھی اس معاشرے کا فرد ہونے کا احساس تازہ ہوگا۔