شوبز میں زیادہ عرصے نہ گزرنے کے باوجود کام کو سراہا جا رہا ہے، آمنہ راؤ
لاہور(فلم رپورٹر)اداکارہ و ماڈل آمنہ راؤ کو ابھی شو بز کی دنیا میں قدم رکھے زیادہ عرصہ نہیں ہوا، مگر انہوں نے جو بھی کام کیا اسے ہر کسی نے سراہا۔ سرو قامت، خوبصورت اور ٹیلنٹ سے مالا مال آمنہ راؤ بہت زیادہ کام کی قائل نہیں، کم مگر معیاری کام ان کی اولین ترجیح ہے۔ وہ اب تک مختلف برانڈز کے لئے فوٹو شوٹ کروا چکی ہیں اور کئی ٹی وی شوز میں شرکت کر چکی ہیں۔ وہ اپنے اب تک کئے گئے کام سے انتہیائی مطمئن ہیں، ان کے کام کو دیکھتے ہوئے انہیں شو بز انڈسٹری میں ایک خوبصورت اضافہ قرار دیا جا رہا۔
انہوں نے بتایا کہ نامور ڈائریکٹر اشعر اصغر نے مجھے اس فیلڈ میں متعارف کرایا، جن کی وساطت سے میں اے پلس ٹی وی کے مارننگ شو کے ذریعے ٹی وی سکرین پر جلوہ گر ہوئی۔شوبز کی دنیا میں قسمت بہت کاؤنٹ کرتی ہے، کم مگر معیاری کام میری اولین ترجیح ہے۔انسان کی نیت صاف ہو تو کامیابی ضرور ملتی ہے۔ میں جھوٹ نہیں بولتی، منافق بالکل نہیں ہوں، میرے دل میں کسی کے لئے نفرت اور حسد نہیں ہے۔جس سے ملتی ہوں صاف دل سے ملتی ہوں۔ انہوں نے کہا کہ میوزک سے بہت لگاؤ ہے، بہت شوق سے سنتی ہوں، خود بھی گانے کا بہت شوق ہے، اکثر گنگناتی بھی ہوں اور مستقبل میں اس پر توجہ دینے کا بھی ارادہ ہے۔ فضول دوستوں کے ساتھ وقت ضائع کرنے کا بہت پچھتاوہ ہے۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ایک اچھی اداکارہ بننے کی خواہش ہے، اگر وہ نہ بن سکی تو خواہش ہے کہ ایسا کام کر جاؤں کہ لوگ اچھے لفظوں میں یاد رکھیں۔