قومی ٹیم کل آسٹریلیا کیلئے روانہ ہو گی، پہلا ٹی 20 میچ کب ہو گا اور ٹیسٹ سیریز کب شروع ہو گی؟ تمام تفصیلات جانئے

قومی ٹیم کل آسٹریلیا کیلئے روانہ ہو گی، پہلا ٹی 20 میچ کب ہو گا اور ٹیسٹ سیریز ...
قومی ٹیم کل آسٹریلیا کیلئے روانہ ہو گی، پہلا ٹی 20 میچ کب ہو گا اور ٹیسٹ سیریز کب شروع ہو گی؟ تمام تفصیلات جانئے

  



لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) پاکستان ٹی 20 کرکٹ کے کھلاڑی جمعہ کی شام نیشنل کرکٹ اکیڈمی لاہور میں اکٹھے ہوں گے اور 26 اکتوبرکی صبح علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ لاہور سے آسٹریلیا کیلئے روانہ ہو جائیں گے۔

تفصیلات کے مطابق دورے کے دوران قومی ٹی 20 ٹیم کی قیادت بابراعظم کریں گے جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں آصف علی، فخرزمان، حارث سہیل، افتخار احمد، عماد وسیم، امام الحق، خوشدل شاہ، محمد عامر، محمد حسنین، محمد عرفان، محمد رضوان(وکٹ کیپر)، موسیٰ خان، شاداب خان، عثمان قادر اور وہاب ریاض شامل ہیں۔

گرین شرٹس ٹی20 سیریز سے قبل ایک وارم اپ میچ کھیلے گی جبکہ پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان پہلا ٹی 20 میچ تین نومبر کو سڈنی کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلا جائے گا، دوسرا میچ 5نومبر کو کینبرا میں شیڈول ہے جبکہ سیریز کے تیسرے اور آخری ٹی 20 میچ میں دونوں ٹیمیں 8 نومبر کو پرتھ سٹیڈیم میں آمنے سامنے ہوں گی۔

ذرائع کے مطابق آسٹریلیا کیخلاف ٹیسٹ سیریز کیلئے قومی سکواڈ میں شامل کھلاڑی قائداعظم ٹرافی کے پانچویں راؤنڈ میں شرکت کے بعد نومبر کے پہلے ہفتے میں آسٹریلیا کیلئے روانہ ہوں گے۔ٹیسٹ ٹیم کی قیادت اظہر علی کریں گے جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں عابد علی، اسد شفیق، بابراعظم، حارث سہیل، امام الحق، عمران خان (سینئر)، افتخار احمد، کاشف بھٹی، محمد عباس، محمد رضوان (وکٹ کیپر)، موسی خان، نسیم شاہ، شاہین شاہ آفریدی، شان مسعود اور یاسر شاہ شامل ہیں۔

ٹیسٹ سیریز سے قبل قومی ٹیم 2 وارم اپ میچز کھیلے گی جبکہ پاکستان اور آسٹریلیا کی ٹیموں کے درمیان پہلا ٹیسٹ میچ 21 تا 25 نومبر تک برسبین کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلا جائے گا اور دوسرا میچ 29 نومبر سے 3 دسمبر تک ایڈیلیڈ اوول میں کھیلا جائے گا۔

مزید : کھیل