”آسٹریلیا میں اچھی کرکٹ کھیلیں گے اور کوشش کریں گے کہ۔۔۔“ بابراعظم نے دبنگ اعلان کر دیا
لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) پاکستان ٹی 20 ٹیم کے کپتان بابراعظم نے کہا ہے کہ آسٹریلیا کیخلاف سکواڈ میں سینئرز اور جونیئرز کا اچھا کمبی نیشن ہے اور ہم جیتنے کیلئے آسٹریلیا جا رہا ہے، میں انڈر 19 کی کپتانی کر چکا ہے اور قومی ٹیم کی قیادت کیلئے بھی کافی کچھ سیکھا ہے۔
تفصیلات کے مطابق پریس کانفرنس کرتے ہوئے بابراعظم نے کہا کہ اس وقت تمام تر توجہ آسٹریلیا کیخلاف سیریز پر ہے جس میں اچھی کارکردگی دکھائیں گے اور کوشش کریں گے کہ اچھے کمبی نیشن کیساتھ کھیلتے ہوئے آسٹریلین ٹیم کا مقابلہ کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ بطور کپتان ذمہ داری ہو تو دباﺅ زیادہ ہو جاتا ہے لیکن کوشش کروں گا کہ خود پر قابو رکھوں اور بطور بلے باز اور کپتان کارکردگی دکھاﺅں۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ کھیل میں کارکردگی میں اتار چڑھاﺅ آتا رہتا ہے لیکن میری کوشش ہوتی ہے کہ میں ہر میچ میں کارکردگی دکھاﺅں اور ٹیم کی ضرورت کے مطابق کھیلوں، آسٹریلیا کیخلاف سیریز میں کپتانی کا کوئی دباﺅ نہیں ہے اور میں جیسا کھیلتا آ رہا ہوں، ویسی ہی آسٹریلیا کیخلاف کھیلوں گا اور کارکردگی دکھاﺅں گا۔
ان کا کہنا تھا کہ آسٹریلیا کی وکٹوں پر باﺅنس ذرا زیادہ ہوتا ہے اور ہماری ٹیم کی طاقت ہی باﺅلنگ ہے اور کمبی نیشن بھی اچھا ہے، کوئی بھی غیر ملکی دورہ مشکل ہوتا ہے تاہم کوشش کریں گے کہ اس دورے سے کافی کچھ سیکھیں اور ٹیم کے تمام کھلاڑی اچھی کارکردگی دکھائیں۔
بابراعظم نے کہا کہ آسٹریلیا کیخلاف ٹی 20 سیریز جیتنے کی بھرپور کوشش کریں گے کیونکہ جو سکواڈ منتخب ہوتا ہے یہ مسلسل ٹی 20 کرکٹ کھیلتا آ رہا ہے اور صرف دو تین تبدیلیاں ہی کی گئی ہیں تو سری لنکا کیخلاف سیریز میں ہونے والی غلطیوں کو نہیں دہرائیں گے اور مثبت کرکٹ کھیلتے ہوئے اچھے نتائج حاصل کرنے کی کوشش کریں گے۔