آصف زرداری کے پلیٹ لیٹس بھی گرنے لگے

آصف زرداری کے پلیٹ لیٹس بھی گرنے لگے
آصف زرداری کے پلیٹ لیٹس بھی گرنے لگے

  



اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن ) سابق صدر آصف علی زرداری کے پلیٹ لیٹس کم ہوکر 90 ہزار کی سطح پر آگئے، 2 روز میں ان کے پلیٹ لیٹس کی تعداد میں 21 ہزار کی کمی ہوئی ہے۔ دو روز قبل آصف زرداری کے پلیٹ لیٹس کی تعداد ایک لاکھ 11 ہزار تھی تاہم میڈیکل بورڈ ان کے پلیٹ لیٹس میں کمی کے باوجود پر امید ہے۔

نجی نیوز چینل اے آر وائی نیوز کے مطابق پمز ہسپتال کے 4 رکنی میڈیکل بورڈ نے آصف زرداری کا تفصیلی معائنہ کیا اور پلیٹ لیٹس معمول پر لانے کے لیے ادویات تجویز کردیں۔ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ پلیٹ لیٹس میں کمی بعض ادویات کا ردعمل ہوسکتی ہیں، آصف زرداری کے عارضہ قلب کی ادویات میں ردوبدل پر غور شروع کردیا گیا ہے۔

چار رکنی میڈ یکل بورڈ نے بدھ کے روز آصف علی زرداری کا بلڈ اور ایکو ٹیسٹ بھی کیا جبکہ ایک دن قبل آصف علی زرداری کے بہت سے ٹیسٹ ہوئے تھے جن میں آر ایف ٹی ،ایل ایف ٹی ،سیرم الیکٹرولائٹ ،ایل ایف ٹی ،پرتھرومبن ٹائم،ایچ بی اے 1سی (بلڈ شوگر)اور لی پڈ پروفائل فار کولیسٹرول شامل تھے ۔

ہسپتال انتظامیہ کا کہنا ہے کہ آصف زرداری کا بلڈ پریشر نارمل ہے لیکن شوگر لیول معمول پر نہیں آسکا ہے، ان کا نہارمنہ، کھانے کے بعد شوگر لیول معمول سے زیادہ ہے، شوگر نارمل کرنے کے لیے انسولین کی مقدار میں ردوبدل کی ہدایت کردی گئی ہے۔

ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ آصف زرداری کا کولیسٹرول، پروٹین لیول معمول سے کم ہے، سابق صدر کو جسمانی کمزوری اور ڈپریشن کی شکایت کے بعد فزیو تھراپی شروع کرادی گئی ہے۔آصف علی کو پمز ہسپتال کے کارڈیک پرائیویٹ سنٹر کے وارڈ میں منتقل کر کے اسے سب جیل قرار دے دیا گیا ہے ۔

مزید : قومی