حکومت اوراپوزیشن کے درمیان بیل منڈے نہ چڑھ سکی ، مذاکرات بے نتیجہ ختم

حکومت اوراپوزیشن کے درمیان بیل منڈے نہ چڑھ سکی ، مذاکرات بے نتیجہ ختم
حکومت اوراپوزیشن کے درمیان بیل منڈے نہ چڑھ سکی ، مذاکرات بے نتیجہ ختم

  



اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن)اسلام آباد کی طرف آزادی مارچ اوردھرنے کے حوالے سے حکومتی اور اپوزیشن کمیٹیوں کے درمیان ہونے والے مذاکرات بے نتیجہ ختم ہوگئے ہیں ، دونوں جانب سے بات چیت کا سلسلہ مزید جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیاہے ۔

تفصیلات کے مطابق حکومتی ٹیم اور رہبر کمیٹی کے درمیان مذاکرات کا دوسرا دور ختم ہوگیا جس کے بعد مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے رہبر کمیٹی کے سربراہ اکرم درانی نے کہا کہ حکومت اور اپوزیشن کے درمیان مذاکرات میں کوئی پیش رفت نہیں ہوسکی ۔ اس کے بعد مذاکرات کا ایک اور دور شروع کیا جائیگا اور جو پیش رفت ہوگی ، اس سے آگاہ کیا جائے گا ۔انہوں نے کہا کہ حکومتی کمیٹی سے مذاکرات میں کوئی فیصلہ نہیں ہوسکا ، ہم کسی نتیجے پر نہیں پہنچ سکے ، بات چیت کا عمل جاری رکھا جائیگا ۔

اس موقع پر حکومتی کمیٹی کے سربراہ پرویز خٹک کا کہناتھا کہ دونوں طرف سے ایک دوسر ے کی تجاویز سنی گئیں ، آج کوئی فیصلہ نہیں ہوسکا ، بات چیت جاری رہے گی ۔

واضح رہے کہ حکومتی مذاکراتی کمیٹی اوراپوزیشن کی رہبر کمیٹی کی جانب سے اس سے قبل بھی مذاکرات کا ایک دور کیا گیا تھا جس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے حکومتی اور اپوزیشن کمیٹی کے ارکان نے اس امید کا اظہار کیا تھا کہ مذاکرات کے اگلے دور میں کسی نہ کسی نتیجے پر پہنچ جائیں گے لیکن دوسرا دور بھی بے نتیجہ ہی رہا اور حکومت و اپوزیشن میں کسی معاملہ پر اتفاق رائے نہ ہوسکا ۔

مزید : اہم خبریں /قومی