شبلی فراز  کو سراج الحق  کابیان شیئر کرنا مہنگا پڑگیا

شبلی فراز  کو سراج الحق  کابیان شیئر کرنا مہنگا پڑگیا
شبلی فراز  کو سراج الحق  کابیان شیئر کرنا مہنگا پڑگیا

  

لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن)حکومت اوراپوزیشن جماعتوں کےدرمیان ایک دوسرےکےخلاف لفظی" گولہ باری"کا سلسلہ جاری ہے، اپوزیشن جماعتیں حکومت کی پالیسیوں کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے تنقید کا سلسلہ تیز کئےہوئے ہیں تو دوسری جانب حکومتی وزراء بھی حزب اختلاف کی کمزوریوں کو اچھالنے میں مصروف ہیں،کوئٹہ میں پی ڈی ایم نےبڑامیدان سجایا تو وفاقی وزیر اطلاعات سینیٹر شبلی فراز نے امیر جماعت اسلامی سراج الحق کامسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی کے خلاف "ادھورا بیان" سوشل میڈیا پر شیئر کردیا جس پر جماعت اسلامی کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات قیصر شریف  نے وزیر اطلاعات کا شکریہ ادا کرتے ہوئے ایسا مطالبہ کیاکہ سینیٹر شبلی فراز کے بھی پسینے چھوٹ جائیں گے ۔

تفصیلات کے مطابق مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ پر وفاقی وزیر اطلاعات سینیٹر شبلی فراز نے امیر جماعت اسلامی سراج الحق کی جانب سے اپوزیشن کی دونوں بڑی جماعتوں مسلم لیگ ن اور پاکستان پیپلز پارٹی کے خلاف دیا جانے والا تنقیدی  بیان شیئر کرتے ہوئے کہا کہ"امیر جماعت ِاسلامی کابیان کہ مسلم لیگ (ن)اور پیپلز پارٹی باریاں لینے کی جدوجہد میں مصروفِ ہیں،ہمارے موقف کی تائید ہے،ہم خیر مقدم کرتے ہیں۔پی ڈی ایم کاڈرامہ مریم نواز کاخاندانی قبضہ قائم کرنے کیلئے رچایاجارہا ہے،پارٹی صدر کے جیل جانے کے بعد نائب صدر پوری پارٹی کی ملکہ بن چکی ہیں ۔

سینیٹر شبلی فراز کے مذکورہ "ادھورے ٹویٹ"پر کرارا جواب دیتے ہوئے جماعت اسلامی پاکستان کے سیکرٹری اطلاعات قیصر شریف میدان میں آئے اور انہوں نے کہا کہ "آپ کا بہت شکریہ شبلی فراز صاحب، بیان کا یہ حصہ بھی شیئر کیجئے ،موجودہ حکومت سابقہ حکومتوں کی پالیسیوں پرگامزن ہے،جو وزیر مشیر مشرف ،ن لیگ اور پیپلز پارٹی میں تھے وہی موجودہ حکومت میں شامل ہیں،سابق ناکام اور کرپشن کی داستانیں رقم کرنے والے نہلا دھلا کر موجودہ حکومت میں شامل ہیں"

مزید :

علاقائی -پنجاب -لاہور -