” ووٹ کو عزت دو کے نام پر کوئٹہ میں تماشا لگایاگیا،اداروں کو کمزور کرنے کی سازش کی جا رہی ہے“ پی ڈی ایم جلسے پر عثمان بزدار کا رد عمل

” ووٹ کو عزت دو کے نام پر کوئٹہ میں تماشا لگایاگیا،اداروں کو کمزور کرنے کی ...
” ووٹ کو عزت دو کے نام پر کوئٹہ میں تماشا لگایاگیا،اداروں کو کمزور کرنے کی سازش کی جا رہی ہے“ پی ڈی ایم جلسے پر عثمان بزدار کا رد عمل

  

لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن)وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدارنےکہا ہے کہ قومی اداروں کو متنازعہ بنا کر پاکستان کو کمزور کرنے کی گھناؤنی سازش کی جا رہی ہے،اپوزیشن جماعتوں نے"ووٹ کو عزت دو"کےنام پر آج کوئٹہ میں تماشا لگایا،ادارے ہمارا فخر ہیں اور ہم اداروں کے خلاف ہر سازش کا ڈٹ کر مقابلہ کریں گے،قوم چور ٹولے کے جھانسے میں نہیں آئے گی۔

تفصیلات کے مطابق  کوئٹہ جلسہ پر اپنے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئےوزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا کہ  پاک فوج پر قوم کو ناز ہے، انتشار پھیلانے والے اداروں کو متنازعہ بنانے سے باز رہیں ،پاکستان تحریک انصاف اداروں کے ساتھ کھڑی ہے ،اداروں کو نشانہ بنانے والے اپنے مذموم عزائم میں کامیاب نہیں ہو ں گے،الزامات لگانے والے پہلے اپنے گریبان میں جھانکیں ۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان نے جنوبی پنجاب کو شناخت دی ہے ،مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی نے جنوبی پنجاب کے عوام کے حقوق پر ڈاکہ ڈالا، پیپلزپارٹی اور مسلم لیگ ن نے اپنے دور میں جنوبی پنجاب کو صوبہ بنانے کے کھوکھلے نعرے لگائے اور عملی طور پر پیپلز پارٹی اور ن لیگ نے کوئی اقدام نہیں اٹھایا ، تحریک انصاف کی حکومت نے جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ بنایا اور اب صوبہ بھی ہم بنائیں گے ۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعلی بلوچستان کے بارے میں بیان کی سخت مذمت کرتا ہوں ،جام کمال قابل احترام وزیر اعلی ہیں، ایسا بیان دینے والوں کو شرم آنی چاہیے۔انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت نے بلوچستان کے طلبہ کا مسئلہ فوری حل کیا،ایک خاتون نے اس مسئلے پر بھی سیاسی پوائنٹ سکورنگ کی کوشش کی ، پنجاب حکومت نے بلوچستان میں اربوں روپے کے منصوبے شروع کئے ہیں ،صوبائی ہم آہنگی اور بھائی چارے کو پی ڈی ایم اے کے نام نہاد لیڈروں نے سبوتاژ کیا ،یہ نہ کل رہنما تھے، نہ آج ہیں اور نہ کل ہوں گے بلکہ یہ رہزنوں کا ٹولہ ہے اور قوم ایسے چور ٹولے کے جھانسے میں کبھی نہیں آئیں گے۔

مزید :

قومی -