ایمانوئیل میکرون آگ سے مت کھیلیں ،سینیٹر پروفیسر ساجد میر نے فرانسیسی صدر کو کند ذ ہن قراردے دیا

ایمانوئیل میکرون آگ سے مت کھیلیں ،سینیٹر پروفیسر ساجد میر نے فرانسیسی صدر کو ...
ایمانوئیل میکرون آگ سے مت کھیلیں ،سینیٹر پروفیسر ساجد میر نے فرانسیسی صدر کو کند ذ ہن قراردے دیا

  

کوئٹہ(ڈیلی پاکستان آن لائن )مرکزی جمعیت اہل حدیث کےسربراہ سینیٹر پروفیسر ساجد میر نےفرانسیسی صدرکو کند ذہن قراردیتے ہوئے کہاہے کہ اُنہوں نےانتہاپسندی کو اسلام سے جوڑ کر کم علمی اور کم عقلی کا مظاہر ہ کیا،فرانسیسی صدر کو چاہیے کہ وہ پہلے اسلام کا مطالعہ کریں ،اسلام تو سرا سر دینِ امن اور ہمارے پیارے نبی ﷺ کی ذات مبارکہ بھی سراپا امن ہے،اگر انہیں کسی انتہا پسند گروہ سے شکایت ہے تو اس پر تنقید کریں اسلام کو بطور مذہب نشانہ بنا کر اُنہوں نے مذہبی تعصب کا مظاہرہ کیا۔

 کوئٹہ میں تحفظ شعائر اسلام سیمینار سے خطاب کرتےہوئےسینیٹرعلامہ ساجدمیر کا کہنا تھا کہ فرانسیسی صدرصلیبی نظریات کے حامل ہیں، وہ اسلام اور پیارے نبی ﷺ کو نشانہ بنا ئیں گے تو ڈیڑھ ارب مسلمانوں کے لیے ناقابل برداشت ہو گا،وہ آگ سے مت کھیلیں،اسلام اور پیارے نبی ﷺ پر حملے شرانگیزی ہے جس سے انارکی کا دروازہ کھلے گا،مغربی ممالک کی حکومتیں نسل پرستی اور اسلام دشمنی کی سرپرستی کررہی ہیں اور یہ عمل اُن کے اپنے معاشرے کیلئے کسی صورت ٹھیک نہیں،یورپی ممالک کے سیاستدان اپنی ناکامیوں پر پردہ ڈالنے کے لیے مسلم دشمنی کو استعمال کررہے ہیں،اسلام ایک عالمگیر دین ہے،فرانس سمیت دنیا کا کوئی ملک بھی میں اسلام کی پرامن دعوت کو پھیلنے سے نہیں روک سکتا ۔

انہوں نےکہا کہ اسلام دنیا میں تیزی سے پھیلنے والا سب سے بڑا مذہب ہے،یہ انسانیت سے محبت کرتا ہے،اسلام میں کوئی جبر نہیں،اس کی تعلیمات آفاقی ہیں،یہ خطوں اور نسلوں کا امتیاز نہیں رکھتا،اس لیے مغربی دنیا کو اسلام سے کوئی خطرہ نہیں ہونا چاہیے،انفرادی گروہ اگر کسی انتہا پسند رویوں کا مظاہرہ کرتے ہیں تو دین ان کا بھی محاسبہ کرتا ہےتاہم مساجد، داڑھی اور حجاب سمیت دیگر اقدار اسلامی شعائر ہیں ان کی بے حرمتی کی اجازت نہیں دی جاسکتی۔سیمینار سے علامہ ابتسام الہی ظہیر،سید عتیق الرحمن شاہ، حافظ عامر صدیقی اور حافظ محمد سالم نے بھی خطاب کیا۔ 

مزید :

علاقائی -بلوچستان -کوئٹہ -