ٹی آئی آر کے تحت این ایل سی کا ترکی، آذربائیجان کا راؤنڈ ٹرپ کامیابی سے مکمل

ٹی آئی آر کے تحت این ایل سی کا ترکی، آذربائیجان کا راؤنڈ ٹرپ کامیابی سے مکمل

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


       راولپنڈی (آئی این پی)نیشنل لاجسٹکس سیل (این ایل سی) نے بین الاقوامی روڈ ٹرانسپورٹ (ٹی آئی آر) کے تحت ترکی اور آذربائیجان کیلئے بذریعہ سڑک تجارتی سامان کی ترسیل کا راؤنڈ ٹرپ کامیابی کیساتھ مکمل کر لیا۔ جس سے علاقائی منڈیوں تک زمینی راستوں سے رسائی اور کاروبار کے نئے مواقع کی راہ ہموار ہوئی ہے۔ این ایل سی پاکستان کا پہلا ادارہ ہے جس نے ٹی آئی آر کے تحت دونوں ممالک تک بذریعہ روڈ سامان کی ترسیل کو ممکن بنایا ہے۔ یہ اہم سنگ میل این ایل سی نے ترکی، ایران اور آذربائیجان کی ٹرانسپورٹ کی وزارتوں، کسٹمز، ٹرانزٹ ٹریڈ ڈیپارٹمنٹس اور دیگر سٹیک ہولڈرز کے تعاون سے حاصل کیا۔ٹیکسٹائل مصنوعات، ٹائروں اور دیگر برآمدی سامان سے لدی این ایل سی کی گاڑیاں ترکی اور آذربائیجان پہنچ گئی تھیں۔ دو گاڑیاں دس دنوں میں 4890 کلومیٹر کا فاصلہ طے کر کے استنبول پہنچیں جبکہ باقی دو گاڑیاں 3680 کلومیٹر کا فاصلہ طے کر کے آٹھ دنوں میں باکو پہنچ گئیں۔گاڑیاں درآمدی سامان بشمول خام شیشہ اور الیکٹرانکس لیکر لاہور اور اسلام آباد پہنچ گئیں۔ ٹرک آذربائیجان کے دارالحکومت باکو اور ترکی کے شہر استنبول سے دو ہفتوں کے مقررہ وقت میں دو طرفہ سفر مکمل کر کے پاکستان واپس پہنچ گئے۔لاجسٹکس کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والی کاروباری برادری جن میں درآمد، برآمد کنندگان، ای سی او سیکریٹریٹ، سیکرٹری جنرل انٹرنیشنل روڈ یونین اور ایران، ترکی اور آذربائیجان کے سینئر سرکاری عہدیداران نے این ایل سی کا خیرمقدم کیا اور اسے اسلام آباد-تہران-استنبول راہداری کی  بحالی کی جانب ایک اہم قدم قرار دیا۔ این ایل سی کی گاڑیوں کا اگلا قافلہ جلد ترکی کے لئے روانہ ہوگا۔ 
این ایل سی

مزید :

صفحہ آخر -