مقبوضہ وادی، ایک اور کشمیر ی شہید، حریت فورم کی بدھ کومکمل ہڑتال، بلیک آؤٹ کی اپیل
سرینگر(این این آئی)غیر قانونی طور پربھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں بھارتی فورسز نے اپنی ریاستی دہشت گردی کی تازہ کارروائی میں اتوار کے روز جنوبی کشمیر کے ضلع شوپیاں میں ایک نہتے شہری شاہد اعجاز کوگولی مارکر شہید کردیا۔دوسری جانب پونچھ میں بھارتی فوج پر حملے کے نتیجے میں 3 اہلکار زخمی ہوگئے، بھارتی فوج کے بیان کے مطابق سرچ آپریشن کے دوران جیسے ہی ٹیم ایک گھر کے پاس پہنچی تو نامعلوم افراد نے حملہ کردیا۔ ادھر غیر قانونی طور پربھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں میر واعظ عمر فاروق کی سرپرستی میں قائم حریت فورم نے کشمیری عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ27 اکتوبر کو مکمل ہڑتال اوربلیک آؤٹ کرکے دنیا کو یہ واضح پیغام دیں کہ کشمیری اپنی سر زمین پر بھارت کے جبری قبضے اورانسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا فوری خاتمہ چاہتے ہیں۔کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق حریت فورم کے چیئرمین میر واعظ عمر فاروق نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں دنیا بھر میں مقیم کشمیریوں پر بھی زوردیا کہ وہ 27 اکتوبر کو یوم سیاہ کے طور پر منائیں۔انہوں نے کہاکہ یہ وہ دن ہے جب بھارت نے طاقت اور دھوکہ دہی سے ہماری سر زمین پر قبضہ کیا اور بڑے پیمانے پر انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں جاری رکھے ہوئے ہے۔
مقبوضہ کشمیر
