معاشرے کی تعمیر میں منبر اور محراب کااہم کردار ہے: عبد القدیر اعوان
ایبٹ آباد(بیورو رپورٹ)سربراہ تنظیم الاخوان روحانی پیشوا امیر عبدالقدیر اعوان نے کہا ہے کہ معاشرے کی تعمیر میں منبر اور محراب کا اہم کردار ہے۔ملک میں 1973کے آئین کی عمل داری اور سب کے لئے مساوی قانون انتہائی ناگزیر ہے، حکومت بھی قانون پر سختی سے عمل داری کروائے۔بحثیت مسلمان اپنا نظریہ ایک رکھیں گے تو ایک قوم ہوں گے،اظہار محبت سے امت میں اتحاد کا درس دیں نفاق کا سبب نہ بنیں،جو جس قوم سے محبت کرے گا قیامت کے روز اس کے ساتھ اٹھایا جائے گا،اللہ کے حبیب محمد صلی اللہ علیہ وسلم کی تعلیمات پر عمل پیرا ہونے سے دنیا و آخرت میں نجات ہے،ان سے عشق کا تقاضا ہر دعوی کے ساتھ شہادت اتباع رسول میں ہے،ملک میں نظام تعلیم میں اصلاحات کرکے تربیت کے فقدان کو دور کرنے کی ضرورت ہے،ان خیالات کا اظہار انہوں نے یہاں ایبٹ آباد بار کلب میں بعثت رحمت عالم کانفرنس اور بعد ازاں پریس کانفرنس میں خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر سلسلہ نقشبندیہ اویسیہ کے مریدین،علما کرام،مشائخ عظام اور عوام کثیر تعداد میں موجود تھے،کانفرنس میں ڈسٹرکٹ خطیب مفتی عبدالواجد نے بھی خطاب کیا۔ سربراہ تنظیم الاخوان امیر عبدالقدیر اعوان کا کہنا تھانبی آخر الزماں محمد الرسول اللہ ﷺ کا زمانہ سب زمانوں سے افضل ترین زمانہ ہے۔آج وقت نے ہمیں آپ ﷺ کے مبارک زمانہ سے دور کر دیا ہے۔ اس دوری کے سبب ہمارے ہر عمل میں انحطاط اس حد تک در آیا ہے کہ ہمارا اظہار محبت عشقِ رسول ﷺ کے دعووں میں رواجات شامل ہیں۔حالانکہ امتی کا رشتہ سب سے اعلی اور افضل ہے جو ہمیں ان حدودو قیود کا درس دیتا ہے جس کا حکم قرآن مجید میں اللہ کریم نے ارشاد فرمایا ہے۔ امیر عبدالقدیر اعوان شیخ سلسلہ نقشبندیہ اویسیہ و سربراہ تنظیم الاخوان پاکستان کا کہنا تھا ہم نہاں خانہ دل پر غور کریں کہ ہم ایک ایک عمل کو آپ ﷺ کے ارشادات کے تناظر میں اختیار کریں۔ہماری زندگی کا ایک ایک لمحہ گزر رہا ہے اور ہم اپنی ہمیشہ ہمیشہ کی زندگی کی طرف گامزن ہیں۔ختم ِ نبوت ﷺ کے موضوع پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دین کے کسی شعبے میں ایک دوسرے سے ضد نہ کی جائے۔ بلکہ اس نازک موضوع پر تعاون کیا جائے ہمارا ایمان ہے کہ امن کی اس عمارت میں آپ ﷺ و ہ آخری اینٹ ہیں جس سے اس عمارت کی تکمیل ہوئی۔اب کسی نئے نبی کی ضرورت نہ رہی۔بحیثیت مسلمان ہم اپنا نظریہ دین اسلام کے تحت رکھیں گے تو ہمیں اس کی کسی بھی کمی میں وہ درد محسوس ہو گا جو ہمیں عزیز ترین شئے کے نقصان پر ہوتا ہے۔ آخر میں کیفیات قلبی کی اہمیت پر بات کرتے ہوئے کہا کہ ان برکات کا حصول اتنا ہی ضروری ہے جتنا ظاہری علم اور تعلیم کا حاصل کرنا ہے کیونکہ دلوں کی دنیا کو تبدیل کرنے کے لیے ان کیفیات کا حصول لازمی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس برستی بارش میں اظہار محبت کے لیے اکٹھے ہیں اللہ کریم ہمارا یہ مل بیٹھنا قبول فرمائے جس میں کثیر تعدادخواتین کی بھی ہے۔ پروگرام کے اختتام میں کثیر تعداد میں لوگوں نے ظاہری بیعت کی اور اجتماعی دعا بھی ہوئی۔ یاد رہے کہ اس پروگرام میں صاحب مجاز پنڈی ڈویژن میجر غلام قادری،قائم مقام مجاز پشاور مقصود حسین،حیدر زماں مجاز ٹیکسلا،حکیم عبدالماجد جنرل سیکرٹری الاخوان پنجاب اس کے علاوہ سیکرٹری اطلاعات امجد اعوان نے خصوصی طور پر شرکت کی
