چیئرمین پی سی بی رمیز راجہ کی تاریخی فتح پر قومی ٹیم کو مبارکباد، شکریہ بھی ادا کیا

چیئرمین پی سی بی رمیز راجہ کی تاریخی فتح پر قومی ٹیم کو مبارکباد، شکریہ بھی ...
چیئرمین پی سی بی رمیز راجہ کی تاریخی فتح پر قومی ٹیم کو مبارکباد، شکریہ بھی ادا کیا

  

لاہور ( ڈیلی پاکستان آن لائن )  پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین رمیز راجہ نے ٹی 20 ورلڈ کپ میں شاندار اور تاریخی  فتح حاصل کرنے پر قومی ٹیم کو نہ صرف مبارکباد پیش کی بلکہ کھلاڑیوں کا شکریہ بھی ادا کیا۔

اپنے بیان میں چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ رمیز راجہ نے  تاریخی فتح حاصل کرنے پر ٹیم کی مشترکہ کوششوں کی تعریف کی، سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر کہا کہ الحمد اللہ ، یہ شاندار آغاز ہے ،  مگر یاد رکھیں کہ ابھی سفر کا آغاز ہوا ہے ، یہ تمام پاکستانیوں کیلئے قابل فخر لمحہ ہے اور جوانوں کا شکریہ کہ انہوں نے ہمیں یہ لمحہ مہیا کیا اور ہمیں اس لمحے کی قدر کرنی چاہئے ۔ پاکستان زندہ باد۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز ( 24 اکتوبر بروز اتوار) کو پاکستان نے ٹی 20 ورلڈ کپ کی تاریخ میں پہلی بار بھارت کو شکست دی ، پاکستان اور بھارت ٹی 20 ورلڈ کپ میں اب سے پہلے پانچ مرتبہ مقابل ہوئے جہاں ہر مرتبہ جیت بھارت کا مقدر بنتی ، ادھر ویرات کوہلی بھی ان میچز میں ناقابل شکست رہے تھے مگر گزشتہ روز پہلے شاہین شاہ آفریدی نے بھارتی بیٹنگ لائن کی دھجیاں اڑا دیں ، شاہین نے اپنے پہلے اوور میں بھارت کا پہلا ، دوسرے اوور میں دوسرا جبکہ چوتھے اوور میں ویرات کوہلی کا شکار کیا۔

بھارت کے 151 رنز کےجواب میں پاکستانی ٹیم کے کپتان بابر اعظم اور وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان میدان میں اترے اور بغیر کوئی نقصان اٹھائے 17.5 اوورز میں 152 رنز کا ہدف حاصل کر کے تاریخ رقم کر دی ۔

 میچ میں تین اہم ترین وکٹیں حاصل کرنے پر شاہین شاہ آفریدی پلیئر آف دی میچ قرار پائے ۔ سوشل میڈیا پر بابر  اعظم ، محمد رضوان اور شاہین شاہ آفریدی کی ویڈیوز شیئر کی جا رہی ہیں ۔  

صدر مملکت ، وزیر اعظم سمیت حکومتی اور اپوزیشن  رہنماؤں نے   بھی کرکٹ ٹیم کو شاندار فتح پر مبارکباد دی ۔

مزید :

T20 World cup -T20 World cup News Updates -