سپریم کورٹ کا نسلہ ٹاور ایک ہفتے میں گرانے کا حکم

سپریم کورٹ کا نسلہ ٹاور ایک ہفتے میں گرانے کا حکم
سپریم کورٹ کا نسلہ ٹاور ایک ہفتے میں گرانے کا حکم

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

کراچی ( ڈیلی پاکستان آن لائن ) سپریم کور ٹ نے ایک ہفتے میں نسلہ ٹاور گرانے کا حکم دے دیا ، عدالت نے ایک ہفتے میں رپورٹ جمع کرانے کی ہدایت بھی کی ۔
سپریم کورٹ رجسٹری کراچی میں نسلہ ٹاور گرانے سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی ، چیف جسٹس پاکستان جسٹس گلزار احمد نے اب تک احکامات پر عملدرآمد نہ ہونے پر برہمی کا اظہار کیا اور استفسار کیا کہ کیا ہتھوڑی چھینی سے نسلہ ٹاور کو گرائیں گے ، بتائیں اب تک نسلہ ٹاور کیوں نہیں گرایا گیا ، کسی قسم کی کوئی رعایت نہیں ، ایک ہفتے میں نسلہ ٹاور کو گرائیں۔ عدالت نے عمارت کی بجلی اور پانی کنکشنز 27 اکتوبر تک منقطع کرانے کا حکم دےد یا۔

سپریم کورٹ نے ہدایات دیں کہ کمشنر کراچی ملبہ اٹھانے کا کام شروع کریں اور  تمام اخراجات ٹاور کے مالک سے لئے جائیں اگروہ اخراجات نہ دے تو اس کی جائیداد ضبط کر لی جائے ۔عدالت نے نسلہ ٹاور کے مکینوں کو بولنے سے روک دیا، ریمارکس دیے کہ ہمارے نزدیک نسلہ ٹاور ختم ہو گیا، صرف گرانے کا مسئلہ ہے ۔

سپریم کورٹ نے کمشنر کراچی کو نسلہ ٹاور کے مالک سے رقم لے کر متاثرین کو واپس دلانے کا بھی حکم دیا ، عدالت نے حکم دیا کہ نسلہ ٹاور گرانے کیلئے جدید ٹیکنالوجی استعمال کی جائے ، بلاسٹ سے ارد گرد کسی عمارت کا یا جانی نقصان نہیں ہونا چاہئے ۔
واضح رہے کہ سپریم کورٹ نے گزشتہ سماعت پر 27 اکتوبر تک نسلہ ٹاور گرانے کا حکم دیا تھا۔