”میرا بس چلتا تو میں آج قوم کو چھٹی دے دیتا تاکہ وہ ۔۔“شیخ رشید پاکستانی ٹیم کی بھارت کو دردناک شکست پر خوشی سے نہال ہو گئے 

”میرا بس چلتا تو میں آج قوم کو چھٹی دے دیتا تاکہ وہ ۔۔“شیخ رشید پاکستانی ٹیم ...
”میرا بس چلتا تو میں آج قوم کو چھٹی دے دیتا تاکہ وہ ۔۔“شیخ رشید پاکستانی ٹیم کی بھارت کو دردناک شکست پر خوشی سے نہال ہو گئے 

  

اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن ) وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہاہے کہ پاکستان ٹیم نے جس طرح بھارت کو شکست دی ہے وہ تاریخی ہے ، 74 سالوں میں ایسی فتح نصیب نہیں ہوئی، میر ابس چلتا تو میں آج قوم کو جشن منانے کیلئے چھٹی دے دیتا۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ کل اسلا م آباد اور راولپنڈی میں جو جشن کا عالم تھا وہ تاریخی تھا، یہ کرکٹ نہیں تھی بلکہ کرکٹ پلس تھی جس کا اظہار بھارتی شہریوں نے اپنے بلے بازوں اور باولرز کے گھروں پر پتھراﺅ کر کے کیا ، اتنی ہی خوشی کا اظہار پاکستانیوں نے بابراعظم ، رضوان ، شاہین شاہ آفریدی کیلئے پاکستان میں کیا۔

انہوں نے کہا کہ اچھا ہوا میں نے دن میں ہی اسلام آباد اور راولپنڈی سے کنٹینر ہٹوا دیئے ورنہ جس طرح عوام کا جوش و جذبہ اسلام آباد اور راولپنڈی میں تھا اس کی مثال میں نے پہلے کبھی نہیں دیکھی، یہ پاکستان کی کرکٹ کے میدان میں بہت بڑی فتح تھی ، میرا فائنل کل ہی ہو گیا ،ورلڈ کپ میں کل ہو گیاہے ، میری اس سے کوئی دلچسپی نہیں کہ نیوزی لینڈ اور انگلینڈ سے کیا ہوتاہے ، پاکستان نے کل ورلڈ کپ جیت لیا ہے ۔

شیخ رشید نے کہا کہ بھارت کے ساتھ جو سلوک کیاہے ، دس وکٹوں سے شکست دی ہے ، 74 سالوں میں اس سے بڑی پاکستان کو فتح نصیب نہیں ہوئی ، ساری قوم کو مبارک ہو ، میرے پاس اختیار نہیں ورنہ میں قوم کو آج چھٹی دے دیتا ، جتنی بڑی یہ فتح ہے وہ اس کا تقاضا کرتی تھی کہ لوگ اس پر اور بھر پور طریقے سے جشن منائیں ۔

مزید :

اہم خبریں -قومی -T20 World cup -T20 World cup News Updates -