خاتون کے کان میں خارش، کیمرے کی مدد سے چیک کیا گیا تو ایسا انکشاف کہ ڈاکٹر بھی دنگ رہ گئے
بیجنگ(مانیٹرنگ ڈیسک) چین میں ایک خاتون کان میں خارش اور تکلیف کی شکایت کے ساتھ ہسپتال آئی جہاں ڈاکٹر کیمرے سے چیک کیا تو ایسا انکشاف ہوا کہ ڈاکٹر بھی دنگ رہ گیا۔ ڈیلی سٹار کے مطابق چینی صوبے ہنان کے شہر ژو ژاﺅ کی رہائشی اس خاتون کی شناخت صرف ژی کے نام سے ہوئی ہے۔ اسے مقامی چائنیز میڈیسن ہسپتال لایا گیا تھا جہاں ڈاکٹروں نے چیک اپ کیا تو انکشاف ہوا کہ اس کے کان میں زندہ مکڑی تھی جو چل پھر رہی تھی اور اس کے چلنے کی وجہ سے ہی خاتون کو خارش اور تکلیف کی شکایت تھی۔
رپورٹ کے مطابق خاتون کے کان میں داخل کیے گئے کیمرے کی ایک فوٹیج بھی منظرعام پر آئی ہے جس میں کان کی ٹیوب میںا س مکڑی کو مٹرگشت کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔ خاتون کا علاج کرنے والی ڈاکٹر لی گولی کا کہنا تھا کہ ”مریض کو کان میں خارش اور تکلیف کی شکایت تھی اور وہ کہتی تھی کہ کان میں اکثر ایک شور برپا رہتا ہے۔ کبھی یہ شور ہونے لگتا ہے اور کبھی رک جاتا ہے۔ درحقیقت یہ شور اس مکڑی کے چلنے سے مریض کے کان میں پیدا ہوتا تھا۔ یہ مکڑی ’ایئرڈرم‘ کے بالکل قریب پھر رہی تھی۔ “
ڈاکٹر لی کا کہنا تھا کہ جنگل میں یا پہاڑ پر چڑھتے ہوئے لوگوں کو خاص طور پر احتیاط کرنی چاہیے کہ ان جگہوں سے کان میں مکڑی کے جانے کا خدشہ زیادہ ہوتا ہے۔ اگر کان میں خارش اور شور کی کیفیت ہو تو فوراً ڈاکٹر سے رجوع کرنا چاہیے ورنہ مکڑی کان کے پردے کو نقصان بھی پہنچا سکتی ہے۔
