ٹی 20ورلڈکپ، وہ3 چیزیں جو پاک بھارت میچ سے سیکھنے کو ملیں 

ٹی 20ورلڈکپ، وہ3 چیزیں جو پاک بھارت میچ سے سیکھنے کو ملیں 
ٹی 20ورلڈکپ، وہ3 چیزیں جو پاک بھارت میچ سے سیکھنے کو ملیں 
سورس: Twitter

  

دبئی(مانیٹرنگ ڈیسک) ٹی 20ورلڈ کپ میں پاکستان نے اپنے پہلے ہی میچ میں بھارت کو 10وکٹوں سے شکست دے کر پاکستانی شائقین کرکٹ کے دل جیت لیے۔ کرکٹ کے اس بڑے مقابلے سے ہم نے کون سی تین چیزیں سیکھی ہیں؟ اے ایف پی سپورٹس کے مطابق یہ تین چیزیں ’آفریدی کا نئی بال کے ساتھ جادو‘ ، ’بابر ایفیکٹ‘ اور ’بھارت کی کمزور باﺅلنگ لائن‘ ہیں۔شاہین شاہ آفریدی نے اپنی جاندار باﺅلنگ کے ذریعے اپنے کپتان کے پہلے باﺅلنگ کرنے کے فیصلے کو درست ثابت کیا۔آفریدی کی تباہ کن باﺅلنگ نے بھارتی ٹیم کے پاﺅں ایسے اکھاڑے کہ پھر جم نہ پائے۔ یہ آفریدی کا نئی بال کے ساتھ جادوئی سپیل تھا۔ میچ کی چوتھی گیند پر ہی ’اِن سوِنگ یارکر‘ پر روہت شرما ایل بی ڈبلیو ہو کر پویلین واپس لوٹ گئے۔ اس کے بعد آفریدی نے کے ایل راہول کو پویلین کی راہ دکھائی اور پھر بھارتی کپتان ویرات کوہلی کا شکار کیا۔ بعد ازاں ویرات کوہلی نے اعتراف کیا کہ آفریدی نے نئی بال کے ساتھ جو جادو دکھایا اس نے ان کے بلے بازوں کو انڈرپریشر کر دیا۔

اس میچ سے ہم نے دوسری بات جو سیکھی وہ بابر ایفیکٹ ہے۔ بابر اعظم نے اپنی کپتانی میں ایک تاریخ رقم کی۔ پاکستان بھارت کے خلاف ٹی 20اور ون ڈے ورلڈکپ کے 12میچ کھیل چکا تھا اور تمام میں پاکستان ہارا تھا۔ ٹی 20اور 50اوورز کے ورلڈ کپ میں یہ پہلا میچ تھا جو پاکستان نے بھارت کو ہرایا اور اس بری طرح ہرایا کہ پاکستانی شائقین کو ماضی کے غم بھلا دیئے۔بابر اعظم ٹی 20کرکٹ میں بلے بازوں کی درجہ بندی میں دوسرے نمبر پر ہیں۔ پہلے نمبر پر انگلینڈ کے ڈیوڈ میلن ہیں۔ انہوں نے جارحانہ بیٹنگ کی سوچ کے ساتھ محمد رضوان کے ساتھ اوپننگ کی اور ان کی یہ حکمت عملی کامیاب رہی۔ میچ کے بعد بابر اعظم کا کہنا تھا کہ ”بھارت کو شکست دینے کے بعد ہمارے لیے آسانی پیدا نہیں ہو گئی۔ اس سے ہمیں اعتماد ملا ہے تاہم ہم نے صرف ایک میچ جیتا ہے۔ ٹورنامنٹ میں ابھی ہمیں بہت آگے جانا ہے۔“

اے ایف پی سپورٹس کے مطابق اس میچ سے تیسری چیز جو ہم نے سیکھی وہ کمزور بھارتی باﺅلنگ لائن ہے۔ محمد شامی اور جسپریت بومرا سمیت تمام باﺅلر کوئی ایک وکٹ بھی لینے میں ناکام رہے۔ کمار کو پہلے ہی اوور میں محمد رضان نے ایک چھکا اور ایک چوکا جڑ دیا۔ بابر اعظم نے بھی محمد شامی کی بال پر ’کور ڈرائیور‘ میں ہٹ لگا کر اس اننگ کے متعلق اپنی حکمت عملی کا عملی اظہار کیا کہ وہ کیا کرنے جا رہے ہیں۔اپنی کمزور باﺅلنگ لائن کو دیکھتے ہوئے ہی ویرات کوہلی نے میچ کے بعد کہا کہ ’آئندہ میچز میں ٹاس کا ہار اور جیت میں کلیدی کردار ہو گا۔‘

مزید :

T20 World cup -T20 World cup News Updates -