انتونیوگوتیریس کا فلسطینیوں کی حمایت میں بیان اسرائیل کو ایک آنکھ نہ بھایا
نیویارک (ڈیلی پاکستان آن لائن) اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیوگوتریس کا فلسطینیوں کی حمایت میں بیان اسرائیل کو ایک آنکھ نہ بھایا ،فوری مستعفی ہونے کا مطالبہ کردیا۔
امریکی میڈیا رپورٹس کے مطابق اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کے مظلوم فلسطینیوں کے حق میں بیان پر اسرائیل نے احتجاج کیا ہے۔
رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ اسرائیلی وزیرخارجہ ایلی کوہن نے انتونیو گوتیریس سے ملاقات سے انکار کردیا ہے جبکہ اقوام متحدہ میں اسرائیلی مندوب نے انتونیوگوتیریس سے مستعفی ہونے کا بھی مطالبہ کیا۔
گزشتہ 24 گھنٹوں میں اسرائیلی حملوں میں 182 بچوں سمیت مزید 704 فلسطینی شہید ہوچکے ہیں جس کے بعد 7 اکتوبر سے اب تک شہید فلسطینیوں کی تعداد 5 ہزار 800 سے بھی تجاوز کرچکی ہے۔اسرائیلی بمباری سے شہید ہونے والوں میں 2 ہزار سے زائد بچے اور 1100 خواتین بھی شامل ہیں ،زخمیوں کی تعداد 15 ہزار سے زائد ہوچکی ہے جنہیں ہسپتالوں میں دواؤں اور ایندھن کی قلت کے باعث مزید مشکلات کا سامنا ہے۔
یاد رہے کہ سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ نے فلسطینیوں کی حمایت میں بیان دیتے ہوئے کہا تھاکہ حماس کے حملے خلا میں نہیں ہوئے، فلسطینیوں کو 56 سال حبس زدہ قبضےکا شکار بنایا گیا ہے۔
روزنامہ پاکستان کا واٹس ایپ چینل جوائن کرنے کیلئے یہاں کلک کریں۔