ایمرجنسی سروسز نے 24گھنٹوں میں 1207 حادثات پر ریسپانڈ کیا
لا ہو ر (کرائم رپو رٹر) ایمرجنسی سروسز ڈیپارٹمنٹ نے 24گھنٹوں کے دوران پنجاب بھر میں 1207ٹریفک حادثات پر ریسپانڈ کیا جن میں673افراد شدید زخمی ہوگئے جنہیں ضلعی و تحصیل کے ہسپتالوں میں منتقل کیا گیا 623معمولی زخمی لوگوں کو ریسکیومیڈیکل ٹیموں کے جائے حادثہ پر بروقت طبی امداد فراہم کرنے کی وجہ سے ہسپتالوں پر بوجھ بھی کم ہوا۔ان حادثات میں زیادہ تر تعداد (73فیصد)موٹر سائیکلز حادثات کی ہے اس لیے وقت کی ضرورت ہے کہ روڈ ٹریفک حادثات کی بڑھتی ہوئی شرح کو کم کرنے کےلئے ٹریفک قوانین پر سختی سے عمل کرتے ہوئے لائن اور لین کے نظم و ضبط کا خیال رکھیں۔
ایمرجنسی ا عداد و شمار کے مطابق ریسکیو 1122کے صوبائی مانیٹرنگ سیل کو موصول ہونے والی ایمرجنسی کالز کے مطابق ان ٹریفک حادثات میں627ڈرائیوز، 39 کم عمرڈرائیور، 520مسافراور161پیدل چلنے والے افراد متاثر ہوئے۔اعدادو شمار سے ظاہر ہوتا ہے کہ279ٹریفک حادثات کی فون کالز لاہور کنٹر ول روم میں موصول ہوئیں جس میں صوبائی دارالحکومت308متاثرین کے ساتھ پہلے فیصل آباد 75حادثات میں78متاثرین کے ساتھ دوسرے ملتان 73حادثات میں76متاثرین کے سا تھ تیسرے نمبرپررہا۔
واضح رہے کہ ان ٹریفک حادثات کے کل1308متاثرین میں 1034مرد اور274خواتین شامل ہیں جبکہ زخمی ہونیوالوں میں 175افراد کی اوسط عمر18سال سے کم 734افراد کی اوسط عمر 18سے 40سال کے درمیان جبکہ399زخمی افراد کی اوسط عمر 40سال سے زائد ہے۔ان ٹریفک حادثات کے بیشتر واقعات میں1068موٹرسائیکلز،74آٹورکشے،113کاریں،29وین 14مسافر بسیں،29ٹرک اور136دوسری اقسام کی گاڑیاں شامل ہیں۔