لاہور پولو کلب کے زیراہتمام ان پنک پولو ٹورنامنٹ شروع
لاہور (سپورٹس رپورٹر) لاہور پولو کلب کے زیراہتمام لاہور سمارٹ سٹی پولو ان پنک پولو ٹورنامنٹ 2023ءشروع ہوگیا۔ اس بات کااعلان لاہور پولو کلب کے صدر اعظم حیات نون نے سپانسر ادارے لاہور سمارٹ سٹی کے چیف کمرشل آفیسر عمران طاہر، پنک ربن پاکستان کے عمر آفتاب اور دیگر کے ہمراہ کیا۔اعظم حیات نون کا کہنا تھا کہ لاہور پولو کلب کی تاریخ میں پہلی بار کسی ٹورنامنٹ میں 15 خواتین کھلاڑی حصہ لے رہی ہیں اور پہلی بار چار گول کے ٹورنامنٹ میں 15 ٹیمیں بنی ہیں۔ لاہور پولو کلب کو پاکستان کے سب سے پرانے اور تاریخی پولو کلب کے اعزاز حاصل ہے جو ہر سال پوری دنیا کے پولو لورز کو بہترین پولو کے مقابلے دیکھنے کو فراہم کرتا ہے۔ اعظم حیات نون کا کہنا تھا کہ 15 خواتین میں امریکہ، انگلینڈ، آسٹریلیا،ہالینڈ، ایران اور پاکستان کی خوانتین شامل ہیں۔ ہر ٹیم میں ایک خاتون کھلاڑی شامل ہیں۔ ٹیموں کو دو پولز میں تقسیم کیا گیا ہے۔ پورا ہفتے مقابلوں کے بعد اتوار 29 اکتوبر کو ٹورنامنٹ کا میگا فائنل کھیلا جائے گا۔ لاہور سمارٹ سٹی کے چیف کمرشل آفیسر عمران طاہر کا کہنا تھا کہ لاہور سمارٹ سٹی کا پولو سے بڑا پرانا تعلق ہے۔ ہم نہ صرف پولو کو سپورٹ کر رہے ہیں بلکہ چھاتی کے کینسر کے حوالے سے منعقدہ اس ٹورنامنٹ کے ذریعے خواتین کو کینسر جیسے موذی مریض سے بچانے کیلئے آگاہی بھی دے رہے ہیں۔ لاہور سمارٹ سٹی مسقبل میں بھی ایسی مثبت سرگرمیوں کو سپورٹ کرتا رہے گا۔ پنک ربن پاکستان کے سی ای او عمر آفتاب کا کہنا تھا کہ ہم لاہور پولو کلب کے ساتھ گزشتہ کچھ سالوں سے مل کر کام کر رہے ہیں۔ چھاتی کے کینسر کیلئے پنک ربن کا ہسپتال کام کر رہا ہے۔ اس مثبت کاز کو سپورٹ کرنے پر میں دنیا بھر سے آئی ہوئی خواتین، لاہور پولو کلب اور لاہور سمارٹ سٹی کا شکر گزار ہوں۔ اس موقع پر لاہور پولو کلب کی ایگزیکٹو کمیٹی ممبرز، سینئر ممبرز اور دنیا بھر سے آئی ہوئی خواتین کھلاڑی بھی موجود تھی۔ کلب کے صدر اعظم حیات نون کے مطابق 15 ٹیموں کو دو پولز میں تقسیم کیا گیا۔