لاہور(آئی این پی)امیرجماعتِ اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ اس وقت غزہ پر عالمِ اسلام میں قبرستان کی طرح خاموشی ہے، غزہ کی صورتِ حال پرخاموش رہنا اسرائیل کا ساتھ دینا ہے، حکمرانوں نے ابھی تک غزہ کا ساتھ دینے کا اعلان نہیں کیا، حکمرانوں میں کوئی تو محمد بن قاسم بنتا،صلاح الدین ایوبی بنتا۔ لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے امیرجماعتِ اسلامی نے کہاکہ امریکا نے یک طرفہ طور پر اسرائیل کا ساتھ دینے کا اعلان کیا، تین مرتبہ امریکی وزیر ِخارجہ تل ابیب گئے، بائیڈن خود بھی گئے، امریکا اسرائیل کے ساتھ سب سے زیادہ عسکری تعاون کر رہا ہے،سراج الحق نے کہا کہ امریکا نے ایران پر جنگ مسلط کی اور پابندیاں لگائیں، اسلامی دنیا کو تقسیم کرنے میں امریکا کا ہاتھ ہے، کشمیر پر قبضے میں بھارت کے ساتھ امریکا کا ہاتھ ہے،انہوں نے کہا کہ غزہ میں 5ہزار سے زیادہ افراد شہید ہو چکے ہیں،جن میں 2ہزار خواتین اور بچے ہیں، ان کے گھر ملبے کا ڈھیر بن گئے ہیں، غزہ اس وقت دنیا کی سب سے بڑی جیل ہے، خود اسرائیل نے 320فضائی حملوں کا اعتراف کیا ہے،سراج الحق نے کہا کہ غزہ میں بچے بغیر کفن کے دفن ہو رہے ہیں، بڑی تعداد میں لوگ ملبے تلے موجود ہیں، لاشیں اور زندہ لوگوں کو ملبے سے نکالنے کا انتظام نہیں۔انہوں نے کہا کہ اسرائیل کے مظالم میں امریکا 100فیصد شریک ہے، ان کا بحری بیڑہ پہلے ہی مشرقی بحیرہ روم میں موجود ہے، امریکا کی طرف سے کھلم کھلا دہشت گردی ہے۔امیر جماعت اسلامی کا کہنا ہے کہ سلامتی کونسل میں فلسطین سے متعلق قراردادوں کو امریکا نے ویٹو کیا، مشرقی تیمور کو جدا کرنے میں امریکا کا ہاتھ ہے، ہم غزہ میں ایک اور غرناطہ دیکھ رہے ہیں، فلسطینیوں کو اپنے ہی علاقوں میں قید کر دیا گیا ہے، امریکا نے ویتنام، افغانستان، عراق پر جنگ مسلط کی، دنیا میں جہاں بھی شر اور فساد ہے اس میں امریکا کا ہاتھ ہے۔انہوں نے کہا کہ 29اکتوبر کو امریکی سفارت خانے کے سامنے غزہ مارچ کا فیصلہ کیا ہے، اس بات کا ثبوت دیں کہ ہم اس وقت غزہ کے ساتھ کھڑے ہیں، امریکا سے مطالبہ کریں گے کہ ظلم بند اور اسرائیل کو کنٹرول کرے، غزہ کامحاصرہ ختم کریں اور امداد کے لیے راستے کھول دیں۔
غزہ مارچ