امجد صابری، آرمی و رینجرز اہلکاروں کے قتل کا مرکزی ملزم گرفتار
کراچی (اسٹاف رپورٹر)کراچی کے علاقے پٹیل پاڑہ سے سی ٹی ڈی نے کالعدم تنظیم کے دہشت گرد کو گرفتار کر لیاہے۔سی ٹی ڈی کے مطابق دہشت گرد قاسم رشید کو خفیہ اطلاع پر گرفتار کیا گیا ہے جس نے عاصم اور اسحاق نامی لوگوں کے ذریعے امجد صابری کا قتل کروایا۔حکام کے مطابق گرفتار دہشت گرد نے 4 رینجرز اہلکاروں کے قتل کا اعتراف کیا ہے، ملزم نے صدر پارکنگ پلازہ کے قریب 2 آرمی اہلکاروں کے قتل کا اعتراف بھی کیا ہے۔حکام نے بتایاکہ ملزم نے تفتیش میں مختلف وارداتوں میں ملوث ہونے کا بھی اعتراف کیا ہے۔سی ٹی ڈی کے مطابق گرفتار دہشت گرد سے دستی بم، پستول اور بارودی مواد برآمد کیا گیا ہے۔دہشت گرد قاسم رشید ایم پی اے رضا حیدر اور دیگر سنگین نوعیت کے دہشتگردی کے مقدمات میں جیل میں قید تھا۔ اور حال ہی میں جیل سے رہا ہوا اور ساتھیوں کو دوبارہ فعال کررہا تھا۔ ملزم کے ساتھیوں میں وسیم بارودی، عبداللہ، دانش ، حافظ اخلاق، پرویز ، قاری عنایت اور عبداللہ الیاس تیموری شامل ہیں۔ترجمان سی ٹی ڈی نے بتایا کہ گرفتار دہشت گرد قاسم رشید دوران قید جیل سے اپنا نیٹ ورک چلاتا تھا، اس نے سیکورٹی اہلکاروں اور پولیس افسران سمیت اسسٹنٹ سپرنٹنڈنٹ جیل پیر مسعود، ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ عبدالرزاق عباسی کے قتل کی دیگر وارداتوں کا اعتراف کیا ہے۔یاد رہے کہ 16 رمضان 22 جون 2016 کو دوپہر تقریبا 4 بجے کے قریب قوال امجد صابری پر نامعلوم افراد نے فائرنگ کی تھی اور سر پر گولیاں لگنے سے ان کی موت واقع ہو گئی تھی۔