افغان پناہ گزینوں کیلئے خصوصی پروازیں ، برطانوی وفد کی سول ایوی ایشن حکام سے ملاقات
اسلام آباد (این این آئی)اسلام آباد انٹرنیشنل ائیرپورٹ سے افغان پناہ گزینوں کی برطانیہ میں آبادکاری کے لیے خصوصی پروازوں کے حوالے سے برطانوی ہائی کمیشن کے خصوصی وفد نے پاکستان سول ایوی ایشن کے سینئر حکام سے ملاقات کی۔ترجمان سی اے اے کے مطابق اسلام آباد میں برطانوی ہائی کمیشن کے وفد کی قیادت پولیٹیکل قونصلر ذوئی وئیر نے جبکہ سول ایوی ایشن سینیئر حکام کی قیادت ڈائریکٹر سکیورٹی ائیر کموڈور (ر) شاہد قادر نے کی۔سول ایوی ایشن حکام میں سی او او، ائیرپورٹ منیجر اسلام آباد ائیرپورٹ اور ان کی سکیورٹی ٹیم بھی شامل تھی۔ملاقات میں برطانوی ہائی کمیشن اورسول ایوی ایشن حکام نے افغان پناہ گزینوں کی برطانیہ منتقلی کے لیے پروازوں کے حوالے سے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا۔ڈائریکٹر سکیورٹی سول ایوی ایشن نے ڈائریکٹر جنرل کا خصوصی پیغام برطانوی ہائی کمیشن وفد کو پہنچایا۔اس موقع پر اے این ایف، ایف آئی اے، کسٹمز، اے ایس ایف اور پی آئی اے کے نمائندے بھی موجود تھے۔برطانوی وفد کی سربراہ ذوئی وئیر نے کہا کہ برطانیہ کی حکومت افغان پناہ گزینوں کی برطانیہ منتقلی کے لیے خصوصی پروازوں کے حوالے سے تعاون فراہم کرنے پر پاکستان سول ایوی ایشن کی شکرگزار ہے۔
خصوصی پروازیں