خود کو وزیراعظم مت سمجھیں،سندھ ہائیکورٹ  نے فوکل پرسن  محکمہ داخلہ سندھ کو جھاڑ پلا دی

خود کو وزیراعظم مت سمجھیں،سندھ ہائیکورٹ  نے فوکل پرسن  محکمہ داخلہ سندھ کو ...
خود کو وزیراعظم مت سمجھیں،سندھ ہائیکورٹ  نے فوکل پرسن  محکمہ داخلہ سندھ کو جھاڑ پلا دی

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

کراچی(ڈیلی پاکستان آن لائن)سندھ ہائیکورٹ نے لاپتہ افراد کے اہلخانہ کوطے شدہ معاوضے کی عدم ادائیگی پر  برہمی کا اظہار کرتے ہوئے لانڈھی سے لاپتہ شہری حسن کے اہلخانہ کو فوری معاوضہ ادا کرنے کا حکم دیدیا، عدالت نے لاپتہ شہریوں کی تصاویر اخبارات میں شائع کرنے کا حکم بھی دیا،جسٹس امجد سہتو نے فوکل پرسن  محکمہ داخلہ سندھ کو جھاڑ پلاتے ہوئے کہاکہ خود کو وزیراعظم مت سمجھیں،عدالتی حکم پر عملدرآمد کرکے رپورٹ پیش کریں،یہاں وزیراعظم نہیں لگے ہوئے، اپنا کام پورا کریں۔

نجی ٹی وی چینل دنیا نیوز کے مطابق  سندھ ہائیکورٹ میں لاپتہ افراد کے اہلخانہ کو طے شدہ معاوضے کی عدم ادائیگی پر سماعت ہوئی،لاپتہ افراد کے اہلخانہ کو طے شدہ معاوضے کی عدم ادائیگی پر عدالت برہم  ہو گئی اور لانڈھی سے لاپتہ شہری حسن کے اہلخانہ کو فوری معاوضہ ادا کرنے کا حکم دیدیا،عدالت نے کہاکہ معاوضہ ادا کرکے سیکرٹری داخلہ سندھ 27نومبر کو ذاتی حیثیت میں پیش ہوں۔

فوکل پرسن محکمہ داخلہ کے غیرذمہ دارانہ بیان دینے پرسرزنش کرتے ہوئے عدالت نے کہاکہ حکم دیا تھا لاپتہ شہری کے اہلخانہ کو معاوضہ ادا کیا جائے، فوکل پرسن محکمہ داخلہ نے کہاکہ معاوضے سے متعلق لسٹ میں حسن کا نام موجود نہیں،جسٹس امجد سہتو نے کہاکہ لسٹ میں 13ویں نمبر پر نام موجود ہے، معاوضہ کیوں ادا نہیں کیا؟

فوکل پرسن محکمہ داخلہ نے کہاکہ دیکھتے ہیں کیا کرنا ہے،جسٹس امجد سہتو نے کہاکہ دیکھتے ہیں کیا ہے ایسے الفاظ عدالت کے سامنے نہ بولیں،جسٹس امجد سہتو نے فوکل پرسن کو جھاڑ پلاتے ہوئے کہاکہ خود کو وزیراعظم مت سمجھیں،عدالتی حکم پر عملدرآمد کرکے رپورٹ پیش کریں،یہاں وزیراعظم نہیں لگے ہوئے، اپنا کام پورا کریں،عدالت نے لاپتہ شہریوں کی تصاویر اخبارات میں شائع کرنے کا حکم  دیتے ہوئے وفاقی سیکرٹری داخلہ سے بھی آئندہ سماعت پر رپورٹ طلب کرلی۔