پاکستان نے سال 2024ءمیں سعودی عرب سے تاخیری ادائیگی پر 1ارب ڈالر کا تیل مانگ لیا
اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان نے سال 2024ءمیں سعودی عرب سے تاخیری ادائیگی پر 1ارب ڈالر کا تیل مانگ لیا۔ نیوز ویب سائٹ’پروپاکستانی‘ کے مطابق پاکستانی حکومت کی طرف سے یہ آئل فیسیلٹی یکم جنوری 2024ءسے مانگی گئی ہے۔
سعودی عرب کی طرف سے تاحال پاکستان کی اس درخواست پر کوئی جواب نہیں دیا گیا۔تاہم توقع کی جا رہی ہے کہ اس حوالے سے آئندہ مہینوں میں دونوں برادر ممالک کے مابین شرائط و ضوابط طے پا جائیں گے۔ یہاں یہ امر بھی قابل ذکر ہے کہ سعودی آئل فیسیلٹی پاکستان کی آئل اکانومی کے لیے آئی ایم ایف کے مارچ 2024ءتک کے سٹینڈ بائی ارینجمنٹ پروگرام کا حصہ ہے۔
اس وقت جاری سعودی آئل فیسیلٹی دسمبر 2023ءمیں مکمل ہو جائے گی۔ 30ستمبر کو مکمل ہونے والی سہ ماہی میں پاکستان نے 30کروڑ ڈالر وصول کیے۔ سعودی عرب کی طرف سے مارچ کے بعد اب تک 70کروڑ ڈالر جاری کیے گئے ہیں اور دسمبر 2023ءکے اختتام تک پاکستان کو متوقع طور پر مزید 30کروڑ ڈالر سعودی عرب سے مل جائیں گے۔