عبدالعلیم خان کا دورہ کراچی، وزیر اعلیٰ سندھ سے ملاقات، حب پل کا افتتاح

  عبدالعلیم خان کا دورہ کراچی، وزیر اعلیٰ سندھ سے ملاقات، حب پل کا افتتاح

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

کراچی(آن لائن)بلوچستان اور صوبہ سندھ کے سنگم پر دریائے حب این 25پر 2022کے سیلاب میں بہہ جانے والے نئے تعمیر شدہ حب پل کا وفاقی وزراء عبدالعلیم خان اور جام کمال خان نے افتتاح کر دیا جس پر 1180ملین روپے لاگت آئی ہے اور 488میٹر طویل اس پل پر ٹریفک کی روانی سے کراچی سے گوادر تک تجارتی سامان کی ترسیل بحال ہو گئی ہے۔ اس موقع پر اپنے خطاب میں وفاقی وزیر مواصلات، نجکاری اور سرمایہ کاری بورڈ عبدالعلیم خان کا کہنا تھا کہ کسی بھی علاقے کی ترقی کے لئے وہاں کاروباری سرگرمیوں کا ہونا ضروری ہے، ہم دوسرے صوبوں سے ریونیو اکٹھا کر کے بلوچستان کی ترقی کو یقینی بنائیں گے۔اْن کا کہنا تھا کہ ملک بھر میں نیشنل ہائی وے اتھارٹی کا سب سے بڑا نیٹ ورک ساڑھے4ہزار کلومیٹر طویل بلوچستان کے صوبے میں ہے جہاں سے کم ٹول ٹیکس اکٹھا ہوتا ہے۔انہوں نے دریائے حب پر نئے تعمیر شدہ پل کو ٹریفک کے لئے ناکافی قرار دیتے ہوئے اس کے ساتھ ایک اور پل کی تعمیر کا اعلان کیا۔ اسی طرح کراچی سے کوئٹہ کی شاہراہ این 25جہاں ٹریفک کے دباؤ کے باعث حادثات ہوتے ہیں کو بھی دو رویہ بنانے کی منظوری دی۔وفاقی وزیر عبدالعلیم خان کا کہنا تھا کہ ہم بلوچستان میں نئے پل اور سڑکیں بنائیں گے جبکہ پنجرہ کے مقام پر بھی نیا پل تیار ہے جس کا جلد افتتاح کر دیا جائے گا۔ اپنے خطاب میں وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان نے کہا کہ وہ پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کراچی، حیدرآباد موٹروے کو چھ لین کی طرز پر تعمیر کرنا چاہتے ہیں،اسی طرح نادرن بائی پاس کو بھی بڑی شاہراہ کے طور پر بنایا جائے گا۔انہوں نے حب پل کی تعمیر میں این ایل سی اور این ایچ اے حکام کو بہتر کارکردگی پر شاباش دی اور توقع ظاہر کی کہ اس رابطہ پل کی تعمیر کے بعد حب کا علاقہ ملکی ترقی میں کلیدی کردار ادا کرے گا۔ اپنے خطاب میں وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان نے کہا کہ موجودہ حکومت بلوچستان کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کر رہی ہے۔انہوں نے حب پل کی تعمیر اور بر وقت افتتاح پر وفاقی وزیر عبدالعلیم خان کا خصوصی طور پر شکریہ ادا کیا اور توقع ظاہر کی کہ اس منصوبے سے نہ صرف اس علاقے بلکہ صوبے بھر کے لوگوں کی مشکلات میں کمی ہوگی۔ وفاقی سیکرٹری مواصلات علی شیر محسود اور چیئرمین نیشنل ہائی وے اتھارٹی شہریار سلطان نے وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان کو مکمل ہونے والے منصوبے کی تفصیلات سے آگاہ کیا جبکہ بعد ازاں وفاقی وزراء  اور اعلیٰ حکام نے نئے تعمیر شدہ حب پل کے تعمیراتی کام کا جائزہ لیا۔

  افتتاح

مزید :

صفحہ آخر -