اغوا ءکے بعد بیچا گیا6 ماہ کا بچہ بازیاب، ملزم گرفتار

Oct 25, 2024 | 08:07 PM

سیالکوٹ (ڈیلی پاکستان آن لائن) سیالکوٹ میں پولیس نے اغوا ءکے بعد ساڑھے چار لاکھ روپے میں فروخت کیےگئے6 ماہ کے بچے کو بازیاب کرالیا۔ اغواء میں ملوث اور بچہ خریدنے والے ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا۔

سیالکوٹ میں تھانہ موترہ کے علاقے دربار پنج پیر کے نزدیک سے 6 ماہ کے بچے کے اغواء کے مقدمے کا ڈراپ سین ہوگیا۔ بچے کے اغوا ءمیں ملوث ملزمان کے علاوہ بچے کے خریدار میاں بیوی کو بھی گرفتار کرلیا گیا۔

پولیس کے مطابق منہاج بی بی اپنے 6 ماہ کے بچے علی اکبر کو لے کر بھیک مانگ رہی تھی کہ 2 خواتین نے اسے کپڑے اور دیگر چیزوں کا لالچ دیتے ہوئے باتوں میں لگایا اور اس دوران ان کے ساتھی نے بچہ اغواء کرلیا۔

پولیس نے سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے ملزمان کو گرفتار کیا۔ تفتیش کے دوران ملزمان نے بتایا کہ انہوں نے بچے کو کاشف مسیح اور اس کی بیوی عابدہ بی بی کو 4 لاکھ 50 ہزار روپے میں فروخت کیا ہے۔ پولیس نے بچہ خریدنے والے جوڑے کو بھی گرفتار کرکے 6 ماہ کے علی اکبر کو برآمد کیا اور والدین کے حوالے کردیا۔

مزیدخبریں