24ہزار 400 لوکل زکوٰۃ کمیٹیوں کو مستحقین کی سکریننگ میں  استعمال کرنے کا فیصلہ

Oct 25, 2024 | 09:20 PM

لاہور ( ڈیلی پاکستان آن لائن ) معاون خصوصی برائے وزیر اعلی پنجاب زکوٰۃ و عشر راشد اقبال نصر اللہ کی زیر صدارت اجلاس ہوا، سیکرٹری زکوٰۃ و عشر میاں ابرار احمد نے محکمانہ امور پر تفصیلی بریفنگ دی،زکوٰۃ و عشر 2018 ایکٹ میں مجوزہ ترامیم کے بارے میں آگاہ کیا گیا۔

معاون خصوصی برائے وزیر اعلیٰ پنجاب نےزکوٰۃ و عشر کی کونسل سمیت تمام کمیٹیوں کو جلد فعال بنانے کی ہدایت کی، ان کا کہنا تھا کہ زکوٰۃ و عشر کونسل کے 27 ارکان جبکہ 36 اضلاع کے کمیٹی ممبران کے کردار کو مؤثر بنایا جائے گا،وزیر اعلیٰ کی ہدایت پر ادارے میں شفافیت اور میرٹ کو یقینی بنایا جائے گا،  مصارف زکوٰۃ کے باہر کسی صورت فنڈز کا استعمال نہیں کیا جائے گا، 24ہزار 400 لوکل زکوٰۃ کمیٹیوں کو مستحقین کی سکریننگ میں  استعمال کیا جائے گا۔مخیر حضرات سے محکمہ زکوٰۃ و عشر کے پلیٹ فارم سے مستحقین کو امداد فراہم کرنے پر راغب کیا جائے گا، 12 پروگرامز کی مد میں 4480 ملین کے پروگرام کو میرٹ اور شفافیت کے اصول پر خرچ کیا جائے گا۔

راشد اقبال نصر اللہ نے موجودہ زکوٰۃ مصارف کے ڈیٹا کو ڈیجیٹلائز کرنے کی ہدایت کردی، ان کا مزید کہنا تھا کہ وزیر اعلیٰ  کی ہدایت پر مستحقین تک مالی امداد میں غیر ضروری  رکاوٹوں کو فی الفور ختم کیا جائے ،زکوٰۃ مانیٹرنگ اینڈ ایلوایشن بورڈ پر تمام ڈیٹا کو جلد ڈیجیٹلائز کیا جائے، غریب خاندانوں کے بچوں کو جدید، ٹیکنیکل اور اسلامی تعلیمات کے حصول کیلئے ترجیحی بنیادوں پر فنڈز دیئے جائیں گے۔

مزیدخبریں