مشکل وقت میں ساتھ دینے والا دوست ہوتا ہے‘ زارا شیخ
لاہور(آئی این پی) فلم سٹار زارا شیخ نے کہا ہے کہ محبت پر یقین رکھتی ہوں مگر آج کل کی محبت کو محبت کہنا ممکن نہیں‘ مشکل وقت میں ساتھ دینے والا ہی آپ کا سب سے بڑا دوست ہوتا ہے‘ کوئی بھی کام نیک نیتی سے کیا جائے تو کامیابی انسان کا مقدر ہوتی ہے‘ میں شوبز کی دنیا میں پیسے کیلئے نہیں بلکہ عزت اور شہرت کیلئے آئی ہوں۔ ”آئی این پی“ سے گفتگو کرتے ہوئے فلم سٹار زارا شیخ نے کہا کہ محبت ایک حقیقت ہے اور ہر کسی کو انسانیت کے ناطے کے تحت محبت کرنی چاہئے مگر جو ”محبت“ آج کل ہو رہی ہے اس کو کچھ اور ہی کہنا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ میں سمجھتی ہوں کہ آپ کا دوست وہ ہے جو آپ کو مشکل وقت میں تنہا چھوڑنے کی بجائے آپ کے ساتھ چلے اور آپ کے غم کو اپنا غم سمجھے مگر آج کل ایسے دوستوں کی تعداد نہ ہونے کے برابر ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں انڈسٹری میں عزت اور شہرت کیلئے آئی ہوں کبھی بھی پیسے کو ترجیح نہیں دی۔