کاروباری ہفتے کے پہلے روز مندا‘مقامی سرمایہ کار تذبذب کا شکار

کاروباری ہفتے کے پہلے روز مندا‘مقامی سرمایہ کار تذبذب کا شکار

  



کراچی (اکنامک رپورٹر)کراچی اسٹاک ایکسچینج میں کاروباری ہفتے کے پہلے روز پیر کو اتارچڑھاﺅ کے بعد مندی رہی اور کے ایس ای 100انڈیکس 15400کی نفسیاتی حد سے گرگیا ، سرمایہ کاری مالیت میں 20ارب50کروڑروپے سے زائد کی کمی کاروباری حجم گزشتہ روز کی نسبت 46.13فیصد کم جبکہ 61.12فیصد حصص کی قیمتوں میں کمی ریکارڈ کی گئی ۔ حکومتی مالیاتی اداروں مقامی بروکریج ہاﺅسز سمیت دیگر انسٹی ٹیوشنزاور غیرملکی سرمایہ کاروں کی جانب سے ٹیلی کام، انرجی، بینکنگ اور سیمنٹ سکیٹر میں خریداری کے باعث کاروبارکا آغازمثبت زون میں ہوا۔ ٹریڈنگ کے دوران ایک موقع پر کے ایس ای 100انڈیکس 15514پوائنٹس کی بلندترین سطح پر بھی ریکارڈ کیا گیا تاہم فروخت کے دباﺅ، پرافٹ ٹیکنگ کے باعث اور سیاسی افق پر امن وامان کی ناگفتہ بہ صورتحال کے باعث مقامی سرمایہ کار گروپ تذبذب کا شکار نظرآئے اور اپنے حصص فروخت کرنے میں ترجیح دی جس کے نتیجے میں تیزی کے اثرات زائل ہوگئے۔مارکیٹ کے اختتام پر کے ایس ای 100انڈیکس 61.46پوائنٹس کمی سے 15375.52پوائنٹس پر بندہوا۔مجموعی طور پر 319کمپنیوں کے حصص کا کاروبار ہواجس میں سے 100کمپنیوں کے حصص کے بھاﺅ میں اضافہ، 195کمپنیوں کے حصص کے بھاﺅ میں کمی جبکہ 24کمپنیوں کے حصص کے بھاﺅ میں استحکام رہا۔سرمایہ کاری مالیت میں 20 ارب 50 کروڑ 7 لاکھ 20 ہزار 336 روپے کی کمی ریکارڈ کی گئی جبکہ سرمایہ کاری کی کل مالیت گھٹ کر 38 کھرب 91 ارب 78 کروڑ 53 لاکھ 22 ہزار 926روپے ہوگئی، مجموعی طور پر کاروباری حجم 8کروڑ57لاکھ80ہزار640شیئرزرہا جو جمعرات کے مقابلے میں7کروڑ34لاکھ84ہزار150ہزار شیئرزکم ہے۔ قیمتوں کے اتارچڑھاﺅ کے حساب سے آئس لینڈ ٹیکسٹائل کے حصص سرفہرست رہے جس کے حصص کی قیمت 14.70روپے اضافے سے 308.70روپے اورایبٹ لیبارٹریزکے حصص کی قیمت 6.40 روپے اضافے سے 191.44روپے پر بندہوئی ۔ نمایاں کمی سیمنز پاکستان کے حصص میں ریکارڈ کی گئی جس کے حصص کی قیمت 47.74روپے کمی سے 907.25 روپے جبکہ ڈریم ورلڈکے حصص کی قیمت 22.00روپے کمی سے 418.00روپے پر بندہوئی ۔ پیر کو کے ای ایس سی کی سرگرمیاں 87لاکھ54ہزارشیئرزکے ساتھ سرفہرست رہیں جس کے شیئرزکی قیمت 30پیسے کمی سے 6.35روپے اورپی ٹی سی ایل اے کے سرگرمیاں 60لاکھ500شیئرزکے ساتھ دوسرے نمبرپر رہیں جس کے شیئرزکی قیمت 8پیسے کمی سے 18.94روپے ہوگئی۔ پیر کو کے ایس ای 30انڈیکس 61.46پوائنٹس کمی سے 12963.11پوائنٹس ، کے ایم آئی30 انڈیکس 115.65پوائنٹس کمی سے 27182.49پوائنٹس جبکہ کے ایس ای آل شیئرزانڈیکس 56.84پوائنٹس کمی سے 10844.36پوائنٹس پر بندہوا۔

مزید : کامرس