ملک کا صنعتی و تجارتی حب تاریخ کے بد ترین دور سے گزر رہاہے
کراچی (اکنامک رپورٹر)سائٹ ایسوسی ایشن کے چیئرمین محمدعرفان موٹن نے کہاہے کہ ملک کا صنعتی و تجارتی حب تاریخ کے بد ترین دور سے گزر رہاہے۔ کراچی میں گیس کی بندش سے صنعتوں کو تین دن میں20ارب روپے مالیت کے پیداواری خسارے کا سامنا ہے۔جاری اپنے بیان میںچیئرمین سائٹ ایسوسی ایشن عرفان موٹن نے مزید کہاکہ لوڈ منیجمنٹ کے نام پر ہفتے میں دو دن گیس کی بندش سے نہ صرف یومیہ اجرت پانے والا طبقہ مشکلات کا شکار ہے بلکہ کئی چھوٹے اور درمیانے درجے کے صنعتی یونٹس بھی بند ہونے کے قریب ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ جمعرات کو پریشر میں کمی کے باعث صنعتوں کو گیس کی فراہمی بند تھی جبکہ جمعے کو ہڑتال اور ہفتہ ، اتوار لوڈ منیجمنٹ کی وجہ سے گیس کی فراہمی معطل ہے۔ عرفان موٹن کا کہنا ہے کہ گزشتہ بدھ کو سابق ناظم کے قتل کے خلاف ہڑتال کے موقع پر60 فیصد صنعتی یونٹس میں ملازمین نہیں پہنچ پائے۔ چیئرمین سائیٹ کا کہنا تھاکہ 99 فیصد انڈسٹریل سیکٹرگیس کے بل باقاعدگی سے ادا کرتا ہے تاہم سوئی سدرن گیس کی مزکورہ پالیسی سے صنعتکاروں کو بڑے پیمانے پر مالی نقصان اور پریشانی کا سامنا ہے۔